• KHI: Asr 4:17pm Maghrib 5:54pm
  • LHR: Asr 3:32pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:31pm Maghrib 5:10pm
  • KHI: Asr 4:17pm Maghrib 5:54pm
  • LHR: Asr 3:32pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:31pm Maghrib 5:10pm

'ٹپ ٹپ برسا پانی' لیکن روینہ نہیں کترینہ کے لیے

شائع June 28, 2019
بولی وڈ کی اس یادگار گانے کے ریمیک کو سوریاونشی میں پیش کیا جائے گا —فوٹو/ اسکرین شاٹ
بولی وڈ کی اس یادگار گانے کے ریمیک کو سوریاونشی میں پیش کیا جائے گا —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ میں پرانے گانوں کو نئے انداز میں پیش کرنے کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے اور اس ہی لیے ماضی کے کئی کامیاب گانے ریمکس کرکے پیش کیے جارہے ہیں۔

ایسا ہی ایک گانا 'ٹپ ٹپ برسا پانی' ہے، جو 1994 کی فلم 'مہرہ' کا کامیاب گانا تھا، جس میں بولی وڈ کھلاڑی اکشے کمار اور روینہ ٹنڈن نے پرفارم کیا تھا۔

یہ گانا صرف اس کے میوزک اور شاعرہ کے باعث ہی نہیں بلکہ روینہ ٹنڈن کی وجہ سے بھی کافی مقبول ہوا، جن کا زرد رنگ کی ساڑھی میں رقص آج بھی یادگار مانا جاتا ہے۔

اب اس ہی گانے کے ریمکس کو ایک فلم کا حصہ بنایا جارہا ہے، جس میں اکشے کمار تو پرفارم کریں گے تاہم ہیروئن کے روپ میں روینہ ٹنڈن کی جگہ کترینہ کیف زرد ساڑھی میں رقص کرتی نظر آئیں گی۔

اکشے کمار اس وقت اپنی فلم 'سوریا ونشی' کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، اس فلم میں کترینہ کیف ان کے ہمراہ کام کرتی نظر آئیں گی اور ٹپ ٹپ برسا پانی کے ریمیک کو اس ہی فلم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

اس فلم کی ہدایات روہت شیٹھی دے رہے ہیں، جس میں اکشے کمار پولیس اہلکار کے روپ میں نظر آئیں گے۔

یاد رہے کہ اکشے کمار اور کترینہ کیف اس سے قبل بھی اپنی فلم 'دے دنا دن' میں ایک ایسے ہی گانے 'گلے لگ جا' پر رقص کرچکے ہیں، جس میں کترینہ کا انداز روینہ ٹنڈن کے انداز سے متاثر تھا۔

'ٹپ ٹپ برسا پانی' کے اس ریمیک کو فرح خان کوریو گراف کررہی ہیں۔

کترینہ کیف نے اس گانے کی شوٹنگ کے دوران کی چند تصاویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیں۔

جبکہ اکشے کمار نے بھی اپنے انسٹاگرام پر فلم 'مہرہ' کے پروڈیوسر رتن جین کے ہمراہ تصویر شیئر کی اور انہیں ٹپ ٹپ برسا گانا استعمال کرنے کی اجازت دینے پر شکریہ ادا کیا۔

اکشے نے یہ بھی لکھا کہ وہ کافی مایوس ہوتے اگر ان کی جگہ کوئی اور اداکار اس گانے کے ریمیک کا حصہ بنتا، کیوں کہ اداکار کے مطابق یہ گانا ان کے کیریئر سے جڑا ہوا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ 'ٹپ ٹپ برسا پانی' کے ریمیک کی خبر سامنے آتے ہی بولی وڈ میں دوبارہ اداکاراوں کو اداکاروں سے کم اہمیت دینے کی بحث کا آغاز ہوگیا۔

سوشل میڈیا پر لوگوں نے ایسے سوالات کرنا شروع کردیے کہ جہاں اکشے کمار 25 سال بعد بھی اپنے اس گانے میں ہیرو کے روپ میں نظر آئیں گے، وہیں روینہ ٹنڈن کی جگہ نئے دور کی نوجوان اداکارہ کو دے دی گئی۔

مزید پڑھیں: ’نوجوان ہیروئنز کے ساتھ کام کرکے بڑی عمر کے اداکار خود کو جوان سمجھتے ہیں‘

یاد رہے کہ بولی وڈ اداکارائیں اکثر و بیشتر پروڈیوسرز اور ہدایت کاروں کو تنقید کا نشانہ بناتی ہیں کہ گزرتے وقت کے ساتھ انہیں فلموں میں ہیروئنز کی جگہ پھر ان کی والداؤں کے کردار آفر کیے جاتے ہیں تاہم 50 سالہ یا اس کے زائد عمر کے اداکار آج بھی ہیرو کے روپ میں ہی فلموں میں نظر آرہے ہیں۔

فلم 'سوریا ونشی' کی بات کی جائے تو یہ روہت شیٹھی کی پولیس پر بننے والی فلم سیریز کا حصہ ہے۔

اس سے قبل وہ اجے دیوگن کے ساتھ فلم 'سنگھم' اور رنویر سنگھ کے ساتھ فلم 'سمبا' بنا چکے ہیں۔

یہ دونوں ہی فلمیں باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئیں۔

خیال رہے کہ 'سوریا ونشی' میں اکشے کمار کے کردار روہت شیٹھی اپنی گزشتہ سال ریلیز ہوئی کامیاب فلم 'سمبا' میں ہی سامنے لے آئے تھے۔

فلم 'سوریا ونشی' اگلے سال عید کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 1 جنوری 2025
کارٹون : 31 دسمبر 2024