• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

لفظ 'سلیکٹڈ' پر قومی اسمبلی میں پابندی، زرداری کا اراکین سے مشاورت کا فیصلہ

شائع June 24, 2019
آصف زرداری کے مطابق چیئرمین سینیٹ سے کہا ہے کہ کیا آپ پر پابندی لگادیں — فائل فوٹو/ڈان نیوز
آصف زرداری کے مطابق چیئرمین سینیٹ سے کہا ہے کہ کیا آپ پر پابندی لگادیں — فائل فوٹو/ڈان نیوز

سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وہ لفظ سلیکٹڈ کی قومی اسمبلی میں پابندی پر اراکین پارلیمنٹ سے مشاورت کریں گے۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن اراکین کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو 'سلیکٹڈ وزیراعظم' کہا جاتا رہا۔

تاہم گذشتہ روز ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے رولنگ دیتے ہوئے لفظ 'سلیکٹڈ' پر پابندی عائد کردی تھی۔

مزید پڑھیں: 'عام آدمی پریشان ہے زرداری صاحب پکڑے جاسکتے ہیں تو اُس کا کیا ہوگا؟'

صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے شریک چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ لفظ سلیکٹڈ پر لگی پابندی پر اراکین اسمبلی سے بات کریں گے جبکہ اس پر مشاورت بھی کریں گے کیا اس لفظ پر پابندی لگ سکتی ہے یا نہیں۔

صحافی نے سوال کیا کہ گذشتہ روز چیئرمین سینیٹ آپ کے پاس آئے تھے کیا آپ نے ان کو مشورہ دیا جس پر سابق صدر نے مسکراتے ہوئے کہا کہ 'میں نے ان سے کہا کہ آپ پر پابندی لگادیں'۔

عمران خان سلیکٹڈ نہیں تو پھر لفظ پر پابندی کیوں؟ شیری رحمٰن

ادھر پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر اور سینئر رہنما شیری رحمٰن نے بھی سلیکٹڈ لفظ پر پابندی کے حوالے سے کہا کہ عمران خان اگر سلیکٹڈ نہیں ہیں تو اس لفظ پر پابندی کیوں لگوارہے ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی زبان سے ادا ہونے والا سلیکٹڈ کا لفظ عمران خان کی پہچان بن گیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سلیکٹڈ کے لفظ پر کل تالیاں بجائی تھیں اور آج قومی اسمبلی میں پابندی لگوادی، یہ پابندی لگوانا دراصل وزیراعظم کے دل کا چور ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آصف علی زرداری کا عمران خان کو مستعفی ہو کر گھر جانے کامشورہ

شیری رحمٰن کا یہ بھی کہنا تھا کہ اپنے حریفوں کو 'چور' اور 'ڈاکو' کہنے والے عمران خان کو لفظ 'سلیکٹڈ' کا خوف ایک مضحکہ خیز بات ہے۔

پی پی پی سینیٹر کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے سلیکٹڈ کے ایک لفظ میں عمران خان کی پوری سیاست کو ہی سمودیا ہے۔

انہوں نے عمران خان کے طرز حکمرانی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر عمران خان کو سلیکٹ (منتخب) کرنے والوں نے انہیں پہلے میانوالی کا کونسلر بنوادیا ہوتا تو آج ملک کی یہ حالت نہ ہوتی۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس شخص کی کونسلر کی سیٹ جیتنے کی اہلیت نہ ہو اور وہ وزیراعظم سلیکٹ ہوجائے تو ملک تو تباہ حال ہی ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024