بگ باس 13 کے لیے سلمان خان کا اربوں روپے کا معاوضہ
بھارت کے متنازع ترین ریئلٹی شوز میں سب سے مشہور شو ’بگ باس‘ کا رواں برس 13 واں سیزن نشر ہوگا اور اطلاعات ہیں کہ رواں برس بھی اس شو کی میزبانی دبنگ ہیرو سلمان خان کرتے دکھائی دیں گے۔
سلمان خان گذشتہ 9 برس سے اس شو کی میزبانی کرتے آ رہے ہیں اور ہر سال انہوں نے اپنی فیس میں ماضی کے مقابلے میں بے تحاشہ اضافہ کیا۔
جہاں سلمان خان نے میزبانی کے لیے اپنی فیس بڑھائی، وہیں ہر سال بگ باس کی شہرت اور تنازعات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا اور پروگرام نے ریٹنگ اور کمائی کے نئے ریکارڈ بھی بنائے۔
’بگ باس 13‘ کے لیے اگرچہ تاحال ’کلرز‘ ٹی وی نے آفیشلی کوئی اعلان نہیں کیا، تاہم اطلاعات ہیں کہ رواں برس ستمبر سے اس شو کا آغاز ہوگا اور اس بار اس کے مہمانوں میں گذشتہ برس کے مقابلے زیادہ متنازع شخصیات کو شامل کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: بگ باس: سلمان کا فی قسط 7 کروڑ معاوضہ
جہاں شو کے متنازع مہمانوں کے لیے حوالے سے بھارتی میڈیا میں چہ مگوئیاں جاری ہیں، وہیں اسی شو کے لیے سلمان خان کی جانب سے فیس کے مطالبے نے بھی سب کو حیران کردیا۔
اطلاعات ہیں کہ اس بار سلمان خان نے پچھلے سال کے مقابلے اپنی فیس میں دگنا اضافہ کرتے ہوئے پروگرام کی میزبانی کے لیے اربوں روپے مانگ لیے۔
شوبز ویب سائٹ ’کوئی موئی‘ کے مطابق اب تک کی سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق اس بار سلمان خان بگ باس کی میزبانی کے لیے ہر ہفتے تقریبا 30 کروڑ روپے وصول کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق رواں برس ریلیز ہونے والے سیزن میں سلمان خان مجموعی طور پر 26 قسطوں میں نظر آئیں گے اور ان کا مجموعی معاوضہ 403 کروڑ روپے تک پہنچ جائے گا۔
یعنی سلمان خان محض 3 ماہ کے اندر 26 دن ٹی وی اسکرین پر چند گھنٹوں کے لیے دکھائی دینے کے بدلے 4 ارب روپے سے زائد کی کمائی کریں گے۔
مزید پڑھیں: ’بگ باس 11‘ کے لیے سلمان خان کا 11 کروڑ معاوضہ
یہ اتنی زیادہ کمائی ہے کہ سلمان خان سال بھر میں اپنی فلموں سے بھی اتنا نہیں کماتے اور یہ کئی فلمی اداکاراؤں کی سال کی مجموعی کمائی سے بھی کئی گنا زیادہ ہے۔
رپورٹس ہیں کہ اس وقت بولی وڈ میں سب سے زیادہ معاوضہ اداکارہ پریانکا چوپڑا اور دپیکا پڈوکون کا ہے جو ایک فلم کا معاوضہ 12 سے 18 کروڑ روپے وصول کرتی ہیں اور اگر یہ دونوں اداکارائیں مل کر ایک سال میں 10 فلموں میں بھی کام کریں تو بھی وہ سلمان خان کے شو کی میزبانی سے ہونے والی کمائی جتنے پیسے نہیں کما سکیں گی۔
یہی نہیں بلکہ سلمان خان بگ باس میں میزبانی سے اتنے پیسے کمائیں گے کہ کترینہ کیف، دپیکا پڈوکون، پریانکا چوپڑا، جیکولین فرنانڈس، پریٹی زنٹا، ایشوریا رائے، رانی مکھرجی انوشکا شرما اور کرینہ کپور کی ایک سال کی فلموں کی مجموعی کمائی بھی کم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 'بگ باس 12 ' کے لیے سلمان خان کا فی قسط ریکارڈ معاوضہ
اندازوں کے مطابق یہ اداکارائیں سال میں زیادہ سے زیادہ 2 فلموں میں کام کرتی ہیں اور ہر فلم کا معاوضہ 10 سے 18 کروڑ وصول کرتی ہیں اور ان تمام اداکاراؤں کی ایک سال کی فلموں کی مجموعی کمائی بھی زیادہ سے زیادہ 300 کروڑ روپے بنتی ہے جو سلمان خان کے 26 دن کے معاوضے سے 100 کروڑ کم ہے۔