ثانیہ مرزا اور وینا ملک میں جھگڑا، ذاتیات پر تنقید
ورلڈ کپ 2019 میں پاک-بھارتی ٹیم کے میچ سے قبل پاکستانی کھلاڑیوں اور ثانیہ مرزا کی شیشہ پارلر میں بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے، جس کے بعد اب ثانیہ مرزا اور پاکستانی اداکارہ وینا ملک کے درمیان بھی جھگڑے کا آغاز ہوگیا۔
وینا ملک نے ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کی وائرل ویڈیو پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کی۔
اپنی ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ 'ثانیہ میں تمہارے بیٹے کے لیے فکرمند ہوں، آپ اسے ایک شیشہ پارلر لے کر گئیں، کیا یہ اس کے لیے خطرناک نہیں؟ اور جہاں تک مجھے معلوم ہے اس جگہ پر صرف جنک فوڈ ملتا ہے جو ہمارے کھلاڑیوں کی صحت کے لیے مضر ہے، آپ کو بھی اس بات کا اندازہ ہوگا، کیوں کہ آپ خود ایک ماں اور کھلاڑی ہیں'۔
وینا کی اس ٹویٹ کے بعد ثانیہ مرزا نے انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ 'وینا میں اپنے بیٹے کو شیشہ پارلر لے کر نہیں گئی اور یہ آپ کا یا کسی اور کا مسئلہ بھی نہیں، کیوں کہ میں جانتی ہوں کہ میں جتنا اپنے بیٹے کا خیال رکھ سکتی ہوں کوئی اور نہیں رکھ سکتا، دوسری بات یہ کہ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی ماہر غذائیت نہیں، نہ ہی ان کی ماں، پرنسپل یا ٹیچر ہوں، جسے یہ معلوم ہو کہ وہ کب سوتے ہیں، کب اٹھتے ہیں، کب کھاتے ہیں، آپ کے خیال کا شکریہ، یہ قابل معنی ہے'۔
بعدازاں وینا نے ثانیہ مرزا کو کرارا جواب دیتے ہوئے اپنی ایک اور ٹویٹ میں لکھا کہ 'خوشی ہوئی یہ سن کر کہ آپ اپنے بیٹے کو وہاں نہیں لے کر گئیں، ویسے کیا میں نے کہیں یہ لکھا کہ آپ پاکستانی ٹیم کی ماہر غذائیت یا ماں ہیں؟ میں نے بس یہ کہا کہ آپ خود ایک کھلاڑی ہیں تو یقیناً آپ جانتی ہوں گی کہ فٹنس کھلاڑیوں کے لیے کتنی ضروری ہوتی ہے، اور آپ ایک کرکٹر کی اہلیہ بھی تو ہیں؟ آپ کو ان کی صحت کا خیال رکھنا چاہیے'۔
ان دونوں اسٹارز کے درمیان جاری اس تکرار کا اختتام یہاں نہیں ہوا، ثانیہ مرزا نے وینا ملک پر تنقید کرتے ہوئے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ 'تیسری اور سب سے ضروری بات یہ کہ اگر میں آپ کی جگہ ہوتی تو مجھے زیادہ فکر اس بات کی ہوتی کے میرے بچے وہ 'نامناسب' میگزین کور نہ دیکھ لیں، جس میں آپ موجود ہیں، آپ جانتی ہیں نہ وہ بھی خطرناک ہے؟ لیکن آپ کے خیال کا بےحد شکریہ، یہ میرے لیے بہت زیادہ قابل معنی ہے'۔
البتہ جیسے ہی ثانیہ کو اس بات کا اندازہ ہوا کہ انہوں نے وینا پر تنقید کرتے ہوئے غلط جملوں کا انتخاب کرلیا، انہوں نے اپنی اس ٹویٹ کو فوری ڈیلیٹ کردیا۔
تاہم اس کے اسکرین شاٹس پورے ٹوئٹر پر وائرل ہوگئے۔
وینا نے ثانیہ کی اس ٹویٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'اپنے اندر ہمت لائیں اور اپنی ٹویٹ ڈیلیٹ کرنے سے گریز کریں، خوش قسمتی سے ٹیکنالوجی کافی آگے بڑھ چکی ہے، اتنی کے اب لوگ اپنے کیے عمل سے انکار نہیں کرسکتے، اور جس میگزین کور کی آپ بات کررہی ہیں، اس میں میری تصاویر کو تبدیل کرکے پیش کیا گیا، بلکہ میں بھی وہ تمام تنازعات سامنے لا سکتی ہوں، جن کا آپ حصہ رہی، لیکن میں اس بحث کا رخ نہیں موڑنا چاہتی'۔
اس جھگڑے کے چلتے ثانیہ مرزا نے وینا ملک کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو بلاک کردیا، جس کا اسکرین شاٹ وینا نے شیئر بھی کیا۔
خیال رہے کہ ورلڈکپ کے اہم مقابلے میں پاکستانی ٹیم کی بھارتی ٹیم کے ہاتھوں شکست کے بعد قومی ٹیم کو اس کی ناقص کارکردگی پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
تاہم اسی دوران سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کچھ ویڈیوز اور تصاویر بھی وائرل ہوئیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ قومی ٹیم کے کچھ کھلاڑی سابق کپتان شعیب ملک اور ان کی اہلیہ ثانیہ مرزا کے ہمراہ ایک ریسٹورنٹ میں موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کیخلاف میچ سے قبل کھلاڑیوں نے ضابطہ اخلاق نہیں توڑا، پی سی بی
جن صارفین کی جانب سے یہ ویڈیوز اور تصاویر شائع کی گئی تھیں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ تصاویر پاک-بھارت میچ سے قبل رات تقریباً 2 بجے لی گئی تھیں۔
شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے بھی ان تصاویر اور ویڈیوز پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا تھا۔
نہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں اپنے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری اجازت کے بغیر ویڈیو بنائی گئی، اس موقع پر ہمارا بچہ بھی ہمارے ساتھ تھا، ہماری ذاتی زندگی کی بھی پرواہ نہیں کی گئی۔
انہوں نے ویڈیو بنانے والے کو اگلی بار بہتر مواد تلاش کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ میچ میں شکست کے بعد بھی کھانا کھانے کی اجازت ہوتی ہے۔