• KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:29pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm
  • KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:29pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm

'فلم کلنک اس قابل نہیں تھی کہ اچھا بزنس کرسکے'

شائع June 18, 2019
فلم میں عالیہ اور ورن نے مرکزی کردار نبھائے —فوٹو/ اسکرین شاٹ
فلم میں عالیہ اور ورن نے مرکزی کردار نبھائے —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ پروڈیوسر کرن جوہر کی رواں سال ریلیز ہوئی فلم 'کلنک' کے ٹریلر اور ٹیزرز کو دیکھ کر تو ایسا محسوس ہورہا تھا کہ فلم باکس آفس پر شاندار کامیاب ثابت ہوگی، تاہم اس کی ریلیز کے بعد ہوا کچھ اور ہی۔

فلم میں موجود کامیاب اداکاروں کی کاسٹ بھی اسے باکس آفس پر ناکام ہونے سے نہ بچا سکی۔

فلم کلنک کو تجزیہ کاروں کے منفی ریویوز ملے، اداکاروں کی اداکاری کو ناپسند کیا گیا، جبکہ فلم کی کہانی کو بھی کمزور قرار دیا گیا۔

مزید پڑھیں: سنجے دت نے ’کلنک‘ میں کام کرنے کے لیے ہامی کیوں بھری؟

فلم میں ورن دھون، عالیہ بھٹ، سوناکشی سنہا، ادتیہ رائے، مادھوری ڈکشٹ اور سنجے دت جیسے اداکاروں نے کام کیا تھا تاہم اس کے باوجود فلم ہٹ نہیں ہوئی۔

کرن جوہر کی پروڈکشن میں بننے والی اس فلم کی ہدایت کاری ابھیشیک ورمن نے دی تھی۔

فلم کی ناکامی کے بعد سے مرکزی کردار اس حوالے سے خاموش رہے، تاہم اب اداکار ورن دھون نے اپنی خاموشی توڑتے ہوئے فلم کی ناکامی پر اپنی رائے کا اظہار کردیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم 'کلنک' کے مرکزی اداکار ورن دھون نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ فلم کی ناکامی کا ان پر گہرا اثر پڑا، البتہ اس سے انہیں بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔

ورن دھون کا کہنا تھا کہ 'شائقین کو فلم پسند نہیں آئی، یہ اس قابل تھی بھی نہیں کہ اچھا بزنس کرسکے، اس کی صاف وجہ یہی ہے کہ اگر ناظرین کو فلم پسند آئے تو ہی یہ کامیاب ثابت ہو ورنہ نہ ہو، لیکن میں نے اس فلم سے بہت کچھ سیکھا'۔

خیال رہے کہ 2012 میں فلم 'اسٹوڈنٹ آف دی ایئر' کے ساتھ ڈیبیو کرنے والے ورن دھون کی ایک کے بعد ایک 11 فلمیں کامیاب ثابت ہوئیں، جبکہ 'کلنک' ان کے کیریئر کی پہلی فلم تھی جو باکس آفس پر ناکام رہی۔

32 سالہ ورن دھون کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ 'کبھی ایسا ہوتا ہے کہ کوئی پروجیکٹ کامیاب نہیں ہوتا اور پھر اس کا اثر ہر چیز پر ہوتا ہے، ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ میری کوئی فلم ناکام ہوئی ہو اور اس کا اثر مجھ پر پڑا ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: صنم سعید کے کامیاب کردار ’کشف‘ سے عالیہ نے کیا سیکھا؟

اداکار نے بتایا کہ وہ اپنی اگلی فلم 'اسٹریٹ ڈانسر' کے لیے بےحد پرجوش ہیں۔

اس فلم کی ہدایات ریمو ڈی سوزا دے رہے ہیں جس میں وہ شردہا کپور کے ساتھ کام کرتے نظر آئیں گے۔

ورن بہت جلد فلم 'کولی نمبر ون' کے سیکوئل کی شوٹنگ کا بھی آغاز کریں گے، جس کی ہدایات ان کے والد ڈیوڈ دھون دیں گے جو اگلے سال یکم مئی کو ریلیز ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024