'بھارتی ٹیم اچھا کھیلی لیکن اسٹرائیک اور میچ کا موازنہ نہیں کیا جاسکتا'

شائع June 17, 2019
دو مختلف معاملات کا ایک دوسرے سے موازنہ نہیں کیا جاسکتا، میجر جنرل آصف غفور کا بھارتی وزیر داخلہ کو جواب — فائل فوٹو / آئی ایس پی آر
دو مختلف معاملات کا ایک دوسرے سے موازنہ نہیں کیا جاسکتا، میجر جنرل آصف غفور کا بھارتی وزیر داخلہ کو جواب — فائل فوٹو / آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے اپنی ٹیم کو مبارکباد کے پیغام میں کہا ہے کہ میچ اور اسٹرائیک کا موازنہ نہیں کیا جاسکتا۔

بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے پاکستان کے خلاف ورلڈ کپ میچ میں کامیابی پر بھارتی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد کا پیغام دیتے ہوئے کہا تھا کہ 'ٹیم بھارت کی طرف سے پاکستان پر ایک اور اسٹرائیک اور نتیجہ وہی نکلا۔'

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سربراہ نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ 'بہترین کارکردگی پر پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، ہر بھارتی فخر محسوس کر رہا ہے اور متاثر کن کامیابی کی خوشی منا رہا ہے۔'

امیت شاہ 'اسٹرائیک' کے لفظ سے فروری میں دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان فضائی لڑائی کا حوالہ دے رہے تھے، جس کا آغاز 26 فروری کو بھارتی طیارے کی پاکستانی حدود میں مبینہ ایئر اسٹرائیک کے بعد ہوا تھا اور بھارت نے الزام لگایا تھا کہ پاکستان میں 'دہشت گردوں کے تربیتی مرکز' موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بالاکوٹ میں بھارتی جارحیت: عالمی تحقیقی اداروں کی جانی نقصان کی تردید

تاہم بھارت کے ایئر اسٹرائیک کے اس دعوے پر ہر طرف سے شکوک کا اظہار کیا گیا تھا، جس میں امیت شاہ کے دعوے کے مطابق 250 افراد ہلاک ہوئے، تاہم ان کی اس تعداد سے خود بھارتی فضائیہ نے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا۔

پاکستان نے اس مبینہ ایئر اسٹرائیک میں کسی بھی جانی و مالی نقصان کی تردید کی تھی۔

مقامی اور بین الاقوامی اداروں کی آزاد رپورٹنگ میں بھی کہا گیا کہ مبینہ ایئر اسٹرائیک کے مقام پر دہشت گردوں کے کسی تربیتی مرکز یا کسی انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کے کوئی شواہد نہیں ملے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے امیت شاہ کی ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ 'محترم امیت شاہ، جی آپ کی ٹیم اچھا کھیلی اور کامیابی حاصل کی۔'

مزید پڑھیں: بھارتی ایئر چیف بالاکوٹ حملے میں ہلاکتوں سے متعلق واضح جواب نہ دے سکے

ان کا کہنا تھا کہ 'دو مختلف معاملات کا ایک دوسرے سے موازنہ نہیں کیا جاسکتا، جیسا کہ اسٹرائیکس اور کرکٹ میچ۔'

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ 'اگر آپ کو شک ہے تو برائے مہربانی 28 فروری 2019 کو ہماری نوشہرہ کی جوابی اسٹرائیکس اور بھارتی فضائیہ کو جواب کا نتیجہ دیکھ لیں جس میں دو بھارتی لڑاکا طیارے گرائے گئے۔'

انہوں نے اپنی ٹویٹ کا اختتام ان الفاظ کے ساتھ کیا کہ 'حیران ہوتے رہیں۔'

تبصرے (1) بند ہیں

عرفان انور Jun 17, 2019 11:15pm
پاکستان آرمی سے گزارش ہے کہ ملک کو نئی کرکٹ ٹیم تیار کر کے دیں۔ حیرت ہے کہ جو قوم دنیا کے بہترین جنگی جہاز ، ٹینک اور جدید اسلحہ بنا سکتی ہے وہ بائیس کروڑ کی آبادی سے گیارہ ایسے کھلاڑی نہیں نکال سکتی جو ورلڈ کپ میں کم از کم ایک دفعہ ہندوستان کو مات دے پائیں۔ لیکن ہمیں یقین ہے کہ پاک فوج ایسی ٹیم تیار کر سکتی ہے جو دنیا کی ہر ٹیم کو شکست دے سکتی ہے انشاءاللہ ۔ ہمیں یاد ہے کہ مصباح الحق کی قیادت میں انگلینڈ کا دورہ کرنے والی ٹیم نے صرف ایک ماہ فوج کی زیر تربیت ایبٹ آباد میں کیمپ لگایا تھا اور ٹیسٹ کی ورلڈ نمبر ون ٹیم بن گئی تھی ۔۔۔۔۔

کارٹون

کارٹون : 2 جنوری 2025
کارٹون : 1 جنوری 2025