• KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:27pm

کراچی میں گرمی کی لہر برقرار، پارہ 41 ڈگری تک جانے کا امکان

شائع June 15, 2019
ملک کے مختلف حصوں سمیت کراچی گذشتہ 2 روز سے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں — فائل فوٹو/اے ایف پی
ملک کے مختلف حصوں سمیت کراچی گذشتہ 2 روز سے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں — فائل فوٹو/اے ایف پی

محکمہ موسمیات نے کراچی میں جاری گرمی کی شدید لہر اور ہیٹ ویو کا سلسلہ آج بھی جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں مسلسل جاری ہیٹ ویو کا آج بھی جاری رہنے کا امکان ہے اور شہر کا درجہ حرارت 41 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔

موسم کی صورتحال بتاتے والے ادارے کا کہنا تھا کہ ہفتے کو شہر کا درجہ حرارت 39 سے 41 ڈگری تک رہے گا اور ہیٹ ویو کی صورتحال میں کل شام تک کمی کا امکان ہے جبکہ پیر سے موسم معمول پر آنا شروع ہوجائے گا۔

مزید پڑھیں: کراچی میں پارہ 42 ڈگری تک جانے کا امکان، ہیٹ ویو کا خدشہ

واضح رہے کہ ملک کے مختلف حصوں سمیت کراچی گذشتہ 2 روز سے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، شہر میں ہیٹ ویو جاری ہے جبکہ سمندری ہوائیں بند ہونے کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس ہورہی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ شہر میں سمندری ہوائیں آج بھی بند رہیں گی جبکہ سندھ کے دیگر علاقوں میں بھی گرم ہوائیں چلیں گی۔

ادھر کراچی میں گرمی کے ساتھ ساتھ پانی اور بجلی کا بحران بھی سر اٹھانے لگا اور شہریوں کو پانی کی فراہمی معطل رہی جبکہ لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں بھی اضافہ ہوگیا۔

دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے گرڈ اسٹیشن میں خرابی سے کراچی میں پانی کی فراہمی کا نظام معطل ہوگیا جبکہ واٹر بورڈ کے مطابق 13 گھنٹے کی طویل بجلی کے تعطل کے باعث شہر کو 30 کروڑ گیلن پانی فراہم نہیں کیا جاسکا۔

ایم ڈی واٹربورڈ انجینئر اسد اللہ خان کی ہدایت پر متاثرہ پائپ لائن کی مرمت مکمل کرلی گئی، جس کے بعد دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے پانی کی فراہمی بحال ہوگئی تاہم صورتحال معمول پر آنے میں 3 سے 4 روز لگ سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں گرمی کی لہر برقرار، درجہ حرارت 39 ڈگری تک جانے کا امکان

دوسری جانب کراچی میں گرمی کی شدت بڑھتے ہی لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ہوگیا ہے اور شہری گھنٹوں بجلی سے محروم رہ رہے ہیں۔

شہر کے مختلف علاقوں ملیر، شاہ فیصل کالونی، لانڈھی، قائدآباد، اولڈ سٹی ایریا، نارتھ کراچی، سرجانی، اورنگی اور کورنگی میں گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔

کے الیکٹرک کا موقف ہے کہ گیس پریشر میں کمی کے باعث پیداواری صلاحیت متاثر ہورہی ہے تاہم وزیر توانائی عمر ایوب خان نے کے الیکڑک کے دعوے کو مسترد کردیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024