• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

جدہ میں نائٹ کلب کھلنے پر لوگ برہم

شائع June 14, 2019
نائٹ کلب کھولے جانے کی باتیں سامنے آنے کے بعد حکومت نے تحقیقات شروع کردیں—فائل فوٹو: البوابا
نائٹ کلب کھولے جانے کی باتیں سامنے آنے کے بعد حکومت نے تحقیقات شروع کردیں—فائل فوٹو: البوابا

سعودی عرب میں گزشتہ چند سال سے اصلاحاتی منصوبے کے تحت تیزی سے بہت بڑی تبدیلیاں کی جارہی ہیں۔

سعودی عرب میں 2015 میں شاہ سلمان کے بادشاہ بننے کے بعد کئی اقدامات پہلی بار دیکھنے میں آئے ہیں، جس سے وہاں کا ماحول تیزی سے تبدیل ہوتا جا رہا ہے۔

سعودی عرب میں 2018 میں جہاں خواتین نے پہلی بار ڈرائیونگ سیٹ سنبھالی، وہیں 35 سال بعد سینما گھر کھو لے گئے جبکہ گزشتہ سال سے سعودی عرب میں پہلی بار فیشن ویکس کا بھی اہتمام کیا جانے لگا ہے۔

اسی طرح جہاں سعودی عرب میں گزشتہ برس پہلی بار کسی خاتون کو مرد اینکر کے ساتھ ٹی وی پر پروگرام کرنے کی اجازت دی گئی، وہیں سعودی عرب کی پہلی تھیٹر اداکارہ بھی سامنے آئی۔

اور اسی سلسلے کے تحت ہی رواں برس اپریل میں پہلی بار سعودی عرب کے 5 ہزار سالہ قدیم کھنڈرات میں میوزک فیسٹیول کا اہتمام کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کی پہلی تھیٹر ادکارہ نجات مفتاح

اور اب خبر سامنے آئی ہے کہ سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں حکومتی اجازت کے بغیر ہی نائٹ کلب کھولا گیا ہے، جس پر سعودی حکومت نے تفتیش کرنے کا اعلان کردیا۔

عرب نیوز کے مطابق سوشل میڈیا پر جدہ میں ہونے والے ایک ایونٹ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سعودی عرب کی حکومت نے اس کی تحقیقات کرنے کا اعلان کردیا۔

رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک تقریب کی ویڈیو میں مرد و خواتین کو ایک کلب میں دیکھا گیا تھا اور سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ تقریب جدہ میں کھلنے والے نئے نائٹ کلب میں ہوئی۔

سوشل میڈیا پر تقریب کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین نے مختلف قسم کی پوسٹنگ شروع کردیں اور دعویٰ کیا کہ اس نائٹ کلب میں اگرچہ الکوحل دستیاب نہیں ہوگی، تاہم وہاں پر لباس کی کوئی قید نہیں ہوگی۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب: پہلی بار5ہزار سال قدیم کھنڈرات میں کنسرٹ

نائٹ کلب میں ہونے والی تقریب کی ویڈیو اور تصاویر وائرل ہونے کے بعد سعودی عرب کی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ ادارہ اس تقریب اور نائٹ کلب کھلنے کی تحقیقات کرے گا۔

’دی سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی‘ (جی ای اے) نے ٹوئیٹ کے ذریعے وضاحت کی کہ ادارے نے ایسے نائٹ کلب کھولنے کے لیے کوئی گرین سگنل نہیں دیا تھا۔

ساتھ ہی اعلان کیا گیا کہ اتھارٹی جدہ میں ہونے والی مبینہ تقریب کی تحقیقات کرے گی۔

دوسری جانب الجزیرہ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ انہوں نے جدہ میں ایک دوسری تقریب کی اجازت دی تھی، لیکن جس طرح کی تقریب کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں اس کی اجازت نہیں دی گئی۔

الجزیرہ کے مطابق متعدد مقامی نیوز ویب سائٹس اور اداروں نے جدہ میں 13 جون کو نائٹ کلب کھلنے کی رپورٹس شائع کیں اور نائٹ کلب کو ’حلال کلب‘ کا نام دیا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا میں سعودی عرب کی پہلی خاتون سفیر تعینات

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ نائٹ کلب کھولے جانے کی افتتاحی تقریب میں امریکی گلوکار اور ریپر نی یو نے بھی پرفارمنس کی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہےکہ نائٹ کلب میں لوگ موسیقی پر رقص کر رہے ہیں اور تقریب میں مردوں کے ساتھ خواتین بھی دکھائی دے رہی ہیں۔

جدہ میں نائٹ کلب کھولے جانے اور اس میں الکوحل کے دستیاب نہ ہونے پر کئی عرب صارفین نے سوشل میڈیا پر ’ڈسکو حلال کلب‘ کے ہیش ٹیگ سے میمز بھی شیئر کیں۔

تبصرے (2) بند ہیں

فیصل خان Jun 15, 2019 02:51am
اب جوان لوگ وہاں رقص کریں گے
Dr.Habeeb Jun 15, 2019 12:48pm
سب ھی خوار ھوں گے آخری وقت آگیا ھے

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024