• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

بھارت کا اگلے ماہ چاند پر خلائی مشن بھیجنے کا اعلان

شائع June 14, 2019 اپ ڈیٹ July 22, 2019
بھارت نے مشن کو چندریان 2 کا نام دیا ہے—فوٹو: اسرو
بھارت نے مشن کو چندریان 2 کا نام دیا ہے—فوٹو: اسرو

بھارت کے خلائی تحقیقاتی ادارے ’انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائیزیشن(اسرو) نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ ماہ چاند پر اپنا دوسرا خلائی مشن بھیجے گا۔

یہ دوسرا موقع ہوگا کہ بھارت اپنا خلائی مشن چاند پر بھیجے گا اور اگر اس بار انڈیا کا خلائی مشن کامیابی سے چاند پر اتر گیا تو چاند پر پہنچنے والا بھارت دنیا کا چوتھا ملک بن جائے گا۔

اس مشن سے قبل بھارت نے 2008 میں بھی چاند پر خلائی مشن بھیجا تھا، تاہم وہ مشن کامیاب نہیں ہوسکا تھا۔

اب بھارتی خلائی تحقیقاتی ادارے اور سائنسدانوں کو یقین ہے کہ اس بار بھارت اپنے مشن میں کامیاب جائے گا۔

انڈین ایکسپریس نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اسرا اپنا دوسرا خلائی مشن آئندہ ماہ 15 جولائی کی شب کو چاند پر بھیجے گا۔

بھارت نے چاند پر بھیجے جانے والے دوسرے مشن کو ’چندریان 2‘ کا نام دیا ہے۔

چندریان 2 اور اس کے تمام آلات اور مشینیں بھارتی خلائی تحقیقاتی ادارے نے خود تیار کی ہیں—فوٹو: پریس انفارمیشن بیورو، انڈیا
چندریان 2 اور اس کے تمام آلات اور مشینیں بھارتی خلائی تحقیقاتی ادارے نے خود تیار کی ہیں—فوٹو: پریس انفارمیشن بیورو، انڈیا

اگر بھارت کا خلائی مشن کامیابی سے چاند پر اتر گیا تو امریکا، سابق سوویت یونین (روس) اور چین کے بعد بھارت دنیا کا چوتھا ملک بن جائے گا جس کا مشن چاند پر اترے گا۔

منصوبے کے تحت بھارت کا چاند مشن 15 جولائی کی شب روانہ کیا جائے گا جو ایک ماہ سے کم عرصے میں 6 ستمبر تک چاند پر اترے گا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت 2022 تک پہلا انسان بردار خلائی مشن بھیجنے کا خواہشمند

’چندریان 2‘ چاند پر 13 سائنسی خلائی سیٹلائٹس اور مشینوں کے ساتھ چاند پر جائے گا۔

’چندریان 2‘ میں کھدائی مشین، لینڈنگ مشین اور موبائل مشین سمیت اعلیٰ درجے کی کوالٹی کا کیمرا بھی چاند پر بھیجا جائے گا جو چاند کے قطب جنوب میں اترے گا۔

بھارت نے چاند پر اپنا دوسرا خلائی مشن بھیجنے کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب کہ کچھ دن قبل ہی بھارت نے عندیہ دیا تھا کہ وہ اپنا خلائی اسٹیشن بھی قائم کرے گا۔

بھارت کی جانب سے چاند پر خلائی مشن بھیجے جانے اور خلائی اسٹیشن قائم کرنے کے اعلانات سے قبل انڈیا نے رواں برس مئی میں میزائل ٹیسٹ کے دوران نچلی مدار کے سیٹلائٹ کو تباہ کرکے چوتھی خلائی طاقت بننے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔

علاوہ ازیں بھارت نے 2020 تک اپنا پہلا انسان بردار مشن کو خلا میں بھیجنے کا اعلان کر رکھا ہے، جس کے تحت انڈیا ابتدائی طور پر تین انسانوں کو خلا میں بھیجے گا۔

بھارت نے 2020 تک انسان بردار مشن کو بھی خلا میں بھیجنے کا اعلان کر رکھا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
بھارت نے 2020 تک انسان بردار مشن کو بھی خلا میں بھیجنے کا اعلان کر رکھا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024