• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

آصف علی زرداری کا عمران خان کو مستعفی ہو کر گھر جانے کامشورہ

شائع June 14, 2019
ہمارے دور میں تو سب کی تنخواہیں بڑھتی تھیں، سابق صدر—فائل فوٹو:ڈان نیوز
ہمارے دور میں تو سب کی تنخواہیں بڑھتی تھیں، سابق صدر—فائل فوٹو:ڈان نیوز

جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے وزیراعظم عمران خان کو مستعفی ہو کر گھر جانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ کی منظوری کا انحصار بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سربراہ سردار اخترمینگل پر ہے۔

اسلام آباد احتساب عدالت کے احاطہ کمرے میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان نے پہلے کہا تھا خود کو گولی مار لوں گا لیکن سیاست میں نہیں آؤں گا، پھر کہا خودکشی کر لوں گا لیکن عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے قرضہ نہیں لوں گا۔

یہ بھی پڑھیں: آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے نیب کے سامنے بیانات قلمبند کرادیے

آصف علی زرداری نے کہا کہ ’میرا مشورہ مانیں تواستعفٰی دیں اور گھرجائیں‘۔

قرضوں کی تحقیقات کے لیے کمیشن سے متعلق انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان بہت پرانوں کی پگڑیاں نہیں اچھالنا چاہتے تو تحقیقات کا آغاز سابق صدر جنرل پرویزمشرف کے دور سے تو شروع کریں۔

سابق صدر نے عمران خان کو مخاطب کرکے سوال اٹھایا کہ وزیراعظم نے یہ کیسے کہا کہ ملک مستحکم ہو گیا ہے؟ کیا لوگوں کی تنخواہیں بڑھ گئی ہیں؟۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمارے دور میں تو سب کی تنخواہیں بڑھتی تھیں۔

مزیدپڑھیں: جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف علی زرداری گرفتار

سابق صدر نے کہا کہ اگر عمران خان 1947 سے کمیشن نہیں بنانا چاہتے تو پچھلے 20 برس کا تو کمیشن بنائیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کی ہمشیرہ فریال تالپور ایک بہادر خاتون ہیں وہ وارنٹس سے ڈرنے والی نہیں اور اپنے خلاف مقدمات کامقابلہ کریں گی ۔

آصف علی زرداری کا طبی معائنہ

11 روزہ جسمانی ریمانڈ پر قومی احتساب بیورو (نیب) کے زیر حراست پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو گزشتہ روز طبی معائنے کے لیے راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیو (آر آئی سی) لے جایا گیا۔

آر آئی سی کے ڈائریکٹر ریٹائرڈ میجر جنرل اظہر محمود کیانی کی نگرانی میں سابق صدر کے سی ٹی انجیوگرافی سمیت دیگر ٹیسٹ کرائے گئے۔

آر آئی سی کے سینئر ڈاکٹر نے ڈان کو بتایا کہ آصف علی زرداری کی موجودہ صحت کا جائزہ لینے کے لیے طبی معائنہ کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طبی رپوٹ کے مطابق سابق صدر امراض قلب میں مبتلا ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق صدر کو انجیوگرافی کی وجہ سے چند گھنٹے ہسپتال میں رکھا گیا۔

واضح رہے کہ نیب نے اپنے مراسلے میں کہا تھا کہ دو طبی ٹیم تشکیل دی جا چکی ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر آصف علی زرداری کا معائنہ کرتی ہیں۔

اس ضمن میں بتایا گیا کہ سابق صدر کی طبیعت بہتر ہے اور میڈیکل بورڈ کی سفارش پر ان کا معمول کے مطابق طبی معائنہ ہوا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024