• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

عمران خان کی روس، کرغزستان کے صدور سے ملاقاتیں

شائع June 14, 2019
وزیر اعظم شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے کرغزستان کے دورے پر ہیں — فوٹو: عمران خان ٹوئٹر اکاؤنٹ/ثناءاللہ خان
وزیر اعظم شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے کرغزستان کے دورے پر ہیں — فوٹو: عمران خان ٹوئٹر اکاؤنٹ/ثناءاللہ خان

وزیر اعظم عمران خان نے بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں شرکت کے دوران روسی صدر ولادی میر پیوٹن اور کرغزستان کے صدر سوروونبے شریپو ویچ سے ملاقاتیں کیں۔

وزیر اعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے روسی صدر سے غیر رسمی گفتگو کا بتایا۔

انہوں نے اپنے پیغام کے ساتھ روسی صدر سے بات چیت کرتے ہوئے لی گئی تصویر بھی لگائی۔

فیس بک پوسٹ میں عمران خان نے روس کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ وزیراعظم کے پیج پر شیئر کی گئی تصاویر میں دونوں سربراہان بے تکلفانہ انداز میں گفتگو کرتے دکھائی دیے۔

دوسری جانب وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا کہ عمران خان نے کرغزستان کے صدر سوروونبے شریپو ویچ سے ملاقات کی اور انہیں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد دی۔

مزید پڑھیں: شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس: وزیر اعظم عمران خان کرغزستان پہنچ گئے

دونوں رہنماؤں میں ملاقات انتہائی خوش گوار ماحول میں ہوئی  — فوٹو: ثناءاللہ
دونوں رہنماؤں میں ملاقات انتہائی خوش گوار ماحول میں ہوئی — فوٹو: ثناءاللہ

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور مختلف شعبہ جات میں ان تعلقات کو جامع انداز میں مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔

دونوں رہنماؤں میں اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور کرغستان کے درمیان زمینی اور فضائی روابط کو بہتر بنایا جائے، جبکہ مشترکہ وزارتی کمیشن کا اجلاس اور دوطرفہ سیاسی مشاورت جلد عمل میں لائی جائے۔

دونوں ممالک نے عوامی سطح پر رابطوں کو بہتر بنانے، سیاحت کو فروغ دینے اور ویزوں کے اجرا میں سہولت دینے پر بھی اتفاق کیا۔

ملاقات کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے کرغزستان کے صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کی کونسل کے 19ویں اجلاس میں شرکت کے لیے کرغزستان میں موجود ہیں۔

کرغزستان کے صدر کی دعوت پر اجلاس میں پہنچنے پر وزیر اعظم عمران خان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔

کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کے لیے جانے والے عمران خان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور معاون خصوصی عثمان ڈار موجود ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان اپنے دورے میں شنگھائی تعاون تنظیم کے 2 سیشن سے خطاب کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کرغزستان میں عمران خان اور نریندرمودی کی ملاقات شیڈول نہیں، ترجمان بھارتی وزارت خارجہ

واضح رہے کہ پاکستان 2017 میں شنگھائی تعاون تنظیم کا رکن بنا تھا، جس کے بعد سے وہ امور خارجہ، دفاع، قومی سلامتی، معیشت اور تجارت، سائنس اور جدت، نوجوان اور خواتین کو بااختیار بنانے، سیاحت اور ذرائع ابلاغ سمیت مختلف ایس سی او کےمختلف شعبوں میں متحرک طریقے سے شرکت کر رہا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بشکیک میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کی تھی اور فورم نے ان دستاویزات اور فیصلوں پر غور کرکے حتمی شکل دی جن پر سربراہان مملکت کی کونسل کے اجلاس میں دستخط کیے جائیں گے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ 13 اور 14 جون کو ہونے والے اس 2 روزہ اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان کے علاوہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی بھی شرکت کر رہے ہیں، تاہم ان دونوں رہنماؤں کی ملاقات شیڈول نہیں ہے۔

اس سلسلے میں گزشتہ ہفتے ترجمان بھارتی وزارت خارجہ نے دونوں وزرا اعظم کی متوقع ملاقات پر واضح کیا تھا کہ اجلاس میں دونوں وزرا اعظم کی ملاقات شیڈول نہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

ANwer Jun 14, 2019 09:40am
عمران خان کی روس، کرغزستان کے صدور سے ملاقات دھوکہ ہے جو عمران نیازی خود پاکستانی عوام کو میڈیا کے ذریعے دے رہا ہے روسی صدر سے یہ ایک غیر رسمی ملاقات تھی جو ہاتھ ملانے اور رسمی ہیلوہائے سے زیادہ کچھ نہیں جبکہ اسی وقت مودی اور روسی صدر نے پورے وفود کے ساتھ باہمی ملاقات کی کرغیزستان صدر میزبان کی حثیت سے سب مہمانوں سے مل رہے تھے جسے ملاقات بتایا جا رہا ہے

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024