• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

عمران خان چند روز میں خود 'این آر او' مانگتے پھریں گے، مریم نواز

شائع June 12, 2019
نواز شریف چاہتے تو ایک نہیں سو این آر او ان کی جھولی میں پھینک دیئے جاتے، مریم نواز — فوٹو: ڈان نیوز
نواز شریف چاہتے تو ایک نہیں سو این آر او ان کی جھولی میں پھینک دیئے جاتے، مریم نواز — فوٹو: ڈان نیوز

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی کوئی حیثیت نہیں کہ وہ کسی کو 'این آر او' دیں جبکہ چند روز میں وہ خود این آر او مانگتے پھریں گے۔

پنجاب کے ضلع نارووال کی تحصیل ظفروال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ '2018 میں نواز شریف کا جیتا ہوا الیکشن چوری کیا گیا، نواز شریف کے دور میں ملک ترقی کر رہا تھا، ان کے دور میں سڑکوں کے جال بچھائے جارہے تھے لیکن جس دن نواز شریف کو ہٹایا گیا اسی دن ملک کی تباہی شروع ہوئی۔'

انہوں نے کہا کہ 'بجٹ میں عوام پر قیامت برپا کردی گئی، بجٹ کے بعد ہر چیز مہنگی ہوگئی ہے، چور دروازے سے آنے والوں کو عوام کا کوئی احساس نہیں، 9 ماہ کی حکومت نے قرض لینے کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے، ملک میں ریڑھی بان سمیت کوئی بھی خوش نہیں اور کوئی بھی طبقہ سکون کی زندگی نہیں گزار رہا جبکہ غریبوں کے گھر مسمار کیے جارہے ہیں۔'

مریم نواز نے کہا کہ 'جس نے تمام عمر دوسروں کی جیبوں کا کھایا ہو اسے کیا پتہ عام آدمی کیسے گزارا کرتا ہے، جس نے ساری زندگی محنت نہیں کی اسے کیا پتہ محنت کش کے گھر روٹی کیسے بنتی ہے، نیازی کو صرف گو نہیں کہنا بلکہ اسے گھر تک چھوڑ کر آنا ہے۔'

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا اربوں روپے کےقرضوں کی تحقیقات کیلئے کمیشن بنانے کا اعلان

ان کا کہنا تھا کہ 'نواز شریف کو دعائیں دیں جس نے ملک میں امن قائم کیا لیکن ایک لاڈلے کی خاطر آئین اور قانون کی دھجیاں اڑائی گئیں، عوام کے لیے الگ اور لاڈلے کے لیے الگ قانون ہے جبکہ نیب کو شہباز شریف، حمزہ شہباز اور شاہد خاقان نظر آتے ہیں وزرا نہیں۔'

مریم نواز کا کہنا تھا کہ 'وزیر اعظم سرکاری خرچ پر گھر والوں کو غیر ملکی دورے کرا رہے ہیں جبکہ 300 کنال کے گھر میں رہنے والا ایک لاکھ روپے ٹیکس دیتا ہے۔'

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا مقدمہ بنایا گیا لیکن ایک پائی کی کرپشن بھی ثابت نہیں کی جاسکی، جبکہ پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کی سزا بھگت رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: ’وقت آگیا ہے ملکی وسائل لوٹنے والوں سے مجرموں کی طرح نمٹا جائے‘

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ہمیشہ چھپ کر وار کرتے ہیں، آپ ڈرپوک اعظم ہیں اور آپ کی کسی کو 'این آر او' دینے کی کوئی حیثیت نہیں جبکہ چند روز میں آپ خود این آر او مانگتے پھریں گے۔

نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ 'عمران خان کو پتہ ہے کہ وہ پہلی اور آخری مرتبہ اقتدار میں آئے ہیں، وہ عوام کو مشکل میں ڈال کر لندن فرار ہو جائیں گے کیونکہ ان کے بچے اور سب کچھ وہیں ہے۔'

انہوں نے کہا کہ 'نواز شریف چاہتے تو ایک نہیں سو این آر او ان کی جھولی میں پھینک دیئے جاتے لیکن وہ آج بھی جیل میں ڈٹ کر کھڑے ہیں۔'

وزیر اعظم کے قرضوں کے معاملے پر انکوائری کمیشن کے اعلان پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ 'نیازی صاحب، 10 سال قبل کی تحقیقات کیوں نہیں کرتے جب پرویز مشرف کا دور تھا، مشرف کے خلاف تحقیقات کرتے ہوئے عمران نیازی کے پَر جلتے ہیں۔'

تبصرے (1) بند ہیں

نسیم خان Jun 12, 2019 07:29pm
پچھلے 10 سالوں سے ہم پیرس میں داخل ہونے والے ھی تے کے آنکھ کلگئ اور پر چور مچائے شور ھونا شروع ھو گیا..

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024