• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

روس کا نظر بند صحافی کو رہا کرنے کا فیصلہ

شائع June 12, 2019
ایوان گولنوف کی گرفتاری کے بعد سیکڑوں افراد ماسکو پولیس کے ہیڈ کوارٹر اور عدالت کے باہر احتجاج کے لیے جمع ہوئے تھے —تصویر: رائٹرز
ایوان گولنوف کی گرفتاری کے بعد سیکڑوں افراد ماسکو پولیس کے ہیڈ کوارٹر اور عدالت کے باہر احتجاج کے لیے جمع ہوئے تھے —تصویر: رائٹرز

ماسکو: روسی پولیس کے مطابق گھر میں نظر بند تحقیقاتی صحافت سے وابستہ شخص کے خلاف الزامات واپس لے کر انہیں رہا کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق آزاد میڈیا ادارے میدوزا سے وابستہ 36 سالہ رپورٹر ایوان گولنوف کو گذشتہ ہفتے ان کے تحقیقاتی کام پر سزا دینے کے لیے گرفتار کیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق ممکنہ طور پر عوامی احتجاج کے باعث قانون نافذ کرنے والے ادارے یہ غیر معمولی فیصلہ کرنے پر مجبور ہوئے۔

وزیر داخلہ ولادی میر کولوکلتسیف نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’آج انہیں نظر بندی سے رہا کردیا جائے گا اور ان سے الزامات واپس لے لیے جائیں گے‘۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا بھر کے صحافی اپنی جان خطرے میں ڈال کر کام کرنے پر مجبور

روسی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وہ صدر ولادی میر پیوٹن سے ماسکو پولیس کے سربراہ اور منشیات کی روک تھام کے انچارچ سینئر عہدیدار کو برطرف کرنے کی اجازت لیں گے۔

مذکورہ اعلان کے بعد صحافیوں اور سماجی رضاکاروں نے مسرت کا اظہار کیا جو ماسکو میں کافی دنوں تک چھوٹے پیمانے پر مظاہرے کرنے کے بعد بڑی احتجاجی ریلی کے لیے اکٹھے ہوئے تھے۔

میدوزا کے ایڈیٹر ان چیف نے اس حوالے سے کہا کہ ’یہ جیت ہے، مں رو رہا ہوں‘ جبکہ روسی اپوزیشن لیڈر ایلکسی نیولنی نے اسے ’سادہ یکجہتی کی متاثر کن اور حوصلہ افزا مثال‘ قرار دیا۔

مزید پڑھیں: روسی صحافی کی موت 'آکسیجن کی کمی' کے باعث ہوئی، رپورٹ

خیال رہے کہ ایوان گولنوف کو ’بھاری مقدار‘ میں منشیات کی ڈیل کرنے کی کوشش کے الزام پر گرفتار کر کے نظر بند کردیا گیا تھا اور اگر ان پر یہ جرم ثابت ہوجاتا تو انہیں 20 سال سے زائد عرصہ جیل میں قید کردیا جاتا۔

مذکورہ صحافی کا کہنا تھا کہ انہیں دورانِ قید تشدد کا نشانہ بنایا گیا جبکہ ان کے وکلا کا اصرار تھا کہ انہیں دھوکے سے منشیات میں ملوث کیا گیا۔

بعدازاں روسی پولیس نے اس بات کا اعتراف کرلیا تھا کہ ان ویب سائٹ پر موجود منشیات کی تصویر ایوان گولنوف کے فلیٹ سے نہیں بلکہ کسی جائے واردات سے ملی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: روسی صحافی کی لاش برآمد

روسی وزیر داخلہ کے مطابق ایوان گولنوف کو حراست میں لیے جانے والے افسر کو معطل کردیا گیا ہے اور اس کے خلاف تحقیقات کی جائیں گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’کسی بھی شہری کی پیشہ وارانہ سرگرمیوں کے برعکس اس کے حقوق کا ہمیشہ تحفظ ہونا چاہیے‘۔

مذکورہ معاملے پر روس میں بڑے پیمانے پر احتجاج ہوا جس میں ناقدین نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نالائقی اور بدعنوانی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

ایوان گولنوف کی گرفتاری کے بعد سیکڑوں افراد ماسکو پولیس کے ہیڈ کوارٹر اور عدالت کے باہر احتجاج کے لیے جمع ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں: صحافیوں کے لیے خطرناک ترین ممالک میں پاکستان کا 139واں نمبر

احتجاجی مظاہرین نے صحافی کی رہائی کے لیے ماسکو میں احتجاجی مارچ کرنے کی کال دی تھی جس کے فیس بک پر دیے گئے دعوت نامے میں 24 ہزار افراد نے دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔

صحافیوں کے لیے کام کرنے والی عالمی تنطیم رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز نے اسے ’روسی سول سوسائٹی کی تاریخی تحریک قرار دیا‘، اور ٹوئٹ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ’جنہوں نے انہیں پھنسانے کی کوشش کی اب ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے‘۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024