• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ریانا دنیا کی امیر ترین گلوکارہ

شائع June 10, 2019 اپ ڈیٹ June 11, 2019
ریانا کی مجموعی دولت 60 کروڑ ڈالر ہے—فوٹو: ٹائم میگزین
ریانا کی مجموعی دولت 60 کروڑ ڈالر ہے—فوٹو: ٹائم میگزین

شمالی امریکی کیریبین ملک بارباڈوس سے تعلق رکھنے والی معروف پاپ گلوکارہ ریانا نے دنیا کی امیر ترین گلوکارہ بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

معروف اقتصادی امریکی جریدے ’فوربز‘ کے مطابق 31 سالہ ریانا نے دنیا کی تمام گلوکاراؤں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے امیر ترین خاتون گلوکارہ کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

ریانا کی مجموعی دولت 60 کروڑ امریکی ڈالر ہے جو پاکستانی 70 ارب روپے سے زائد بنتی ہے۔

’فوربز‘ کے مطابق ریانا کے اثاثوں میں 5 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا اضافہ گزشتہ 15 ماہ میں ہوا۔

ریانا نے ڈیڑھ سال قبل ہی اپنا میک اپ برانڈ ’فینٹی‘ متعارف کرایا تھا، جس سے اسے ابتدائی 15 ماہ میں 5 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی کمائی ہوئی اور اس وقت ان کے اس برانڈ کی قدر 3 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔

ریانا کو اگرچہ زیادہ تر کمائی ان کی گلوکاری اور ماڈلنگ سے ہوئی، تاہم گذشتہ ڈیڑھ برس سے ان کی جانب سے میک اپ اور گارمنٹس مصنوعات میں کی جانے والی سرمایہ کاری سے بھی انہیں خطیر کمائی ہوئی۔

ریانا نے دولت میں گذشتہ صدی کی مقبول ترین پاپ گلوکارہ کا درجہ رکھنے والی 60 سالہ میڈونا کو بھی پیچھے چھوڑ دیا جب وہ بیونسے سمیت دیگر گلوکاراؤں سے بھی بازی لے گئیں۔

میڈونا کی مجموعی دولت 55 کروڑ ڈالر سے زائد ہے جب کہ بیونسے کی دولت 40 کروڑ ڈالر تک ہے۔

فوربز نے اس سے امریکا کی سیلف میڈ ارب پتی خواتین کی فہرست بھی جاری کی تھی جس میں ٹینس اسٹار سرینا ولیمز کا نام بھی شامل تھا۔

سرینا ولیمز جہاں امریکا کی سیلف میڈ ارب پتی خواتین کی فہرست میں شامل تھیں، وہیں انہیں دنیا کی امیر ترین ایتھلیٹ بھی قرار دیا گیا تھا۔

سرینا ولیمز سے قبل فوربز کی جانب سے جاری کی گئی ایک اور فہرست میں امریکی گلوکار، موسیقار اور سرمایہ کار جی زی کو دنیا کا امیر ترین اور پہلا ارب پتی ریپر قرار دیا گیا تھا۔

جے زی گلوکارہ بیونسے کے شوہر ہیں اور ان کی دولت ایک ارب ڈالر ہے۔

میک اپ اور گارمنٹ کی صنعت میں سرمایہ کاری سے گلوکارہ کی دولت میں اضافہ ہوا، رپورٹ—فوٹو: فوربز
میک اپ اور گارمنٹ کی صنعت میں سرمایہ کاری سے گلوکارہ کی دولت میں اضافہ ہوا، رپورٹ—فوٹو: فوربز

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024