بھارتی الیکشن دنیا کے مہنگے ترین انتخابات ثابت ہوئے
بھارت کے انتخابات دنیا کے سب سے بڑے ہی نہیں بلکہ سب سے مہنگے بھی رہے ہیں جہاں 8.6 ارب ڈالر خرچ کیے گئے۔
غیر ملکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق امریکا کے غیر سرکاری ادارے 'اوپن سیکریٹرس' نے بتایا تھا کہ امریکا میں 2016 میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں 6.5 ارب ڈالر خرچ کیے گئے تھے۔
دوسری جانب دہلی میں مقیم سینٹر فور میڈیا اسٹڈیز کی تحقیق کے مطابق 2014 میں بھارت میں ہونے والے انتخابات کے مقابلے میں رواں سال ہونے والے انتخابات میں دوگنا خرچ کیا گیا۔
مزید پڑھیں: بھارتی انتخابات کے وہ حقائق جنہیں آپ ضرور جاننا چاہیں گے
خیال رہے کہ 2014 میں بھی بھارت میں نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو فتح حاصل ہوئی تھی جبکہ رواں سال ہونے والے انتخابات سے بھی نریندر مودی دوبارہ اقتدار میں آئے۔
نتائج کے سامنے آنے کے بعد نریندر مودی بھارت کی تاریخ میں سب سے طاقتور سیاسی شخصیت بن کر ابھرے ہیں اور ان کی جماعت کو ایوان زیریں میں 2 تہائی اکثریت حاصل ہوئی ہے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کی فتح میں نریندر موبی کی مقبولیت کا اہم کردار بتایا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی انتخابات: گوگل اشتہار پر کروڑوں روپے خرچ، مودی کا دوسرا نمبر
تحقیق کے مطابق نریندر مودی کی جماعت کو ہندو قوم پرست اور قومی سلامتی کے امور پر مہم چلانے کا فائدہ پہنچا ہے۔
رواں سال انتخابات میں ہونے والے اخراجات کا 55 فیصد حصہ صرف بی جے پی کی جانب سے خرچ کیا گیا جو 4.5 ارب ڈالر بنا۔
راہول گاندھی کی قیادت میں نریندر مودی کی حریف جماعت کانگریس نے اس کا صرف 15 سے 20 فیصد خرچ کیا جبکہ انہیں کل 543 نشستوں میں سے 52 نشستیں مل سکیں۔