• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بلوچستان: دہشت گردوں کے حملے میں 2 ایف سی اہلکار شہید

شائع June 6, 2019
لیویز ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت آئی ای ڈی دھماکے کے نتیجے میں ہوئی — فوٹو بشکریہ آئی ایس پی آر
لیویز ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت آئی ای ڈی دھماکے کے نتیجے میں ہوئی — فوٹو بشکریہ آئی ایس پی آر

صوبہ بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں دہشت گردوں کے حملے میں پیڑولنگ پر مامور 2 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے جاری بیان میں بتایا گیا کہ دہشت گردوں نے عید کے دوسرے روز ضلع ہرنائی کی تحصیل خوست میں ایف سی کی پیڑولنگ ٹیم پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ شہید ہونے والوں میں 23 سالہ سپاہی یار محمد کا تعلق ضلع سبی اور 19 سالہ سپاہی مہتاب خان کا تعلق لکی مروت سے تھا۔

مزید پڑھیں: گوادر: 'ہوٹل میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن مکمل، نیوی اہلکار سمیت 5 شہید'

آئی ایس پی آر کے مطابق واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کردیا۔

بعد ازاں شہید ایف سی اہلکاروں کی لاشیں ہرنائی میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کی گئیں۔

لیویز ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت آئی ای ڈی دھماکے کے نتیجے میں ہوئی۔

گذشتہ ماہ صوبہ بلوچستان کے ساحلی علاقے گوادر میں فائیو اسٹار ہوٹل ’پرل کانٹیننٹل‘ پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں نیوی کا ایک اہلکار اور 4 سیکیورٹی گارڈز شہید جبکہ 6 افراد زخمی ہوگئے تھے تاہم سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

خیال رہے کہ گذشتہ کچھ برسوں میں سیکیورٹی اداروں نے بلوچستان میں امن و امان کی صورت حال کو بہتر کرنے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ: سبزی منڈی میں خودکش حملہ، 20 افراد جاں بحق

اس حوالے سے صوبائی حکومت متعدد مرتبہ یہ کہہ چکی ہے کہ بھارت کی خفیہ ایجنسی ’را‘، افغانستان کی خفیہ ایجنسی ’این ڈی ایس‘ کے ساتھ مل کر پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔

گذشتہ برس بھی دوسرے صوبوں کے مقابلے میں بلوچستان عسکریت پسندی سے سب سے زیادہ متاثر رہا، جہاں حملوں کی تعداد 99 رہی، جس کے نتیجے میں 354 افراد جاں بحق ہوئے اور زخمیوں کی کثیر تعداد یعنی 570 رہی، اس طرح ملک میں ہونے والے مجموعی حملوں میں سے 61 فیصد حملے بلوچستان میں ہوئے جبکہ اموات کی تعداد پورے ملک کے مقابلے میں 59 فیصد رہی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024