• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

شہباز شریف کی 8 جون کو پاکستان آمد متوقع

نیب متعدد بد عنوانی کے کیسز میں شہباز شریف کے خلاف تحقیقات کررہا ہے — فائل فوٹو/ اے ایف پی
نیب متعدد بد عنوانی کے کیسز میں شہباز شریف کے خلاف تحقیقات کررہا ہے — فائل فوٹو/ اے ایف پی

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف متوقع طور پر 8 جون کو پاکستان واپس آرہے ہیں۔

شہباز شریف کے قریبی ذرائع نے ڈان نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے حالیہ پیش رفت سے متعلق تصدیق کی، اپوزیشن لیڈر کے اسٹاف ممبر نے بتایا کہ شہباز شریف ممکنہ طور پر ہفتے کو پاکستان واپس پہنچیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: شہبازشریف 10 روز میں وطن واپس آ جائیں گے، شاہد خاقان عباسی

مذکورہ پیش رفت کے حوالے سے شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں اعلان بھی کیا۔

اپنے مختصر ٹوئٹر پیغام میں سلیمان شہباز کا کہنا تھا کہ 'میاں شہباز شریف انشا اللہ 8 جون کو وطن واپس پہنچیں گے'۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے 11 جون کو آئندہ مالی سال 19-2020 کا بجٹ پیش کرنے کا اعلان کررکھا ہے۔

اس سے قبل شہباز شریف کے وکیل نے لاہور کی احتساب عدالت کو بتایا تھا کہ ان کے موکل 11 جون تک وطن واپس لوٹیں گے جبکہ اس سے قبل عدالت کو بتایا گیا تھا کہ شہباز شریف عبدالفطر کے فوری بعد وطن واپس لوٹیں گے۔

مزید پڑھیں: آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل: شہباز شریف ودیگر پر فرد جرم عائد

خیال رہے کہ شہباز شریف، لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے جانے کے حکم کے بعد 9 اپریل کو لندن روانہ ہوگئے تھے، مسلم لیگ (ن) کے ذرائع نے اس حوالے سے بتایا تھا کہ وہ 10 سے 12 روز میں واپس آجائیں گے۔

یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) شہباز شریف کے خلاف متعدد بد عنوانی کے کیسز کی تحقیقات کررہی ہے، جن میں آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل بھی شامل ہے، اس کیس میں ان پر قومی خزانے کو 19 کروڑ 30 لاکھ روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

اس کے علاوہ رمضان شوگر مل کرپشن کیس میں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز پر بد عنوانی کے ذریعے قومی خزانے کو 21 کروڑ 30 لاکھ روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

کارٹون

کارٹون : 28 نومبر 2024
کارٹون : 27 نومبر 2024