• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

جے زی دنیا کے پہلے ارب پتی ریپر

شائع June 4, 2019 اپ ڈیٹ June 7, 2019
جے زی سے قبل کچھ گلوکاروں کی مالیت ایک ارب ڈالر تھی مگر ان کی ملکیت مشترکہ تھی، رپورٹ—فوٹو: فوربز
جے زی سے قبل کچھ گلوکاروں کی مالیت ایک ارب ڈالر تھی مگر ان کی ملکیت مشترکہ تھی، رپورٹ—فوٹو: فوربز

امریکی گلوکار، ریپر، لکھاری، فیشن ڈزائنر، موسیقار اور کاروباری شخص جے زی نے پہلے ارب پتی ہپ ہاپ ریپر بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

شہرہ آفاق امریکی اقتصادی جریدے ’فوربز‘ نے جے زی کی مجموعی ملکیت ایک ارب امریکی ڈالر قرار دیتے ہوئے انہیں پہلا ارب پتی ریپر قرار دیا ہے۔

جے زی معروف گلوکارہ بیونسے کے شوہر ہیں اور ان دونوں کی مشترکہ دولت گذشتہ کئی سال سے ایک ارب امریکی ڈالر تھی، تاہم اب تنہا گلوکار کی مجموعی دولت کی مالیت ایک ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔

’فوربز‘ کے مطابق جے زی کی مجموعی دولت ان کی میوزک کی کمائی، پرتعیش گھروں، شراب کی مصنوعات اور ان کی جانب سے میوزک، انٹرٹینمنٹ اور دیگر شعبہ جات میں کی جانے والی سرمایہ کاری سے ہونے والی کمائی پر مشتمل ہے۔

جے زی کو سب سے زیادہ دولت شراب کے کاروبار سے ملی اور ان کے شراب کے کاروبار کی مالیت 31 کروڑ ڈالر تک ہے۔

گلوکار نے مختلف کاروبار میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے—فوٹو: ہولی وڈ رپورٹر
گلوکار نے مختلف کاروبار میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے—فوٹو: ہولی وڈ رپورٹر

امریکی ریپر اور گلوکار کی دولت میں دوسرا اضافہ ان کی جانب سے آن لائن سفری سہولیات فراہم کرنے والی کمپنی ’اوبر‘ سمیت دیگر کمپنیوں میں سرمایہ کاری سے ہوا۔

جے زی کو اوبر سمیت دیگر کمپنیوں سے 21 کروڑ ڈالر کی آمدنی ہوئی۔

جے زی کی ملکیت کے اثاثوں میں 5 کروڑ ڈالر کا ان کا پرتعیش گھر بھی شامل ہے۔

جے زی کا اصل نام شان کورے کارٹر ہے اور وہ 1969 میں نیویارک سٹی کے نواحی شہر بروکلین میں پلے بڑھے۔

انہوں نے گلوکاری کا آغاز 1995 میں کیا اور 1996 میں انہوں نے پہلا میوزک ایلبم ریلیز کیا، اب تک وہ ڈیڑھ درجن میوزک ایلبم ریلیز کر چکے ہیں۔

علاوہ ازیں جے زی نے متعدد سنگل ٹریک بھی جاری کیے جب کہ وہ کئی فلموں میں بھی گلوکاری کر چکے ہیں۔

انہیں ہپ ہاپ کا بادشاہ تسلیم کیا جاتا ہے، ان کے گانوں میں امریکی ثقافت کی جھلک اور طرز زندگی کی تشہیر کی وجہ سے انہیں سب سے منفرد حیثیت حاصل ہے۔

گلوکاری میں شاندار کامیابی کے بعد انہوں نے میوزک انڈسٹری میں کاروبار کو وسعت دی اور کئی انٹرٹینمنٹ اور میوزک اداروں میں سرمایہ کاری کی جس کے بعد انہوں نے فیشن، شراب اور آن لائن سفری سہولیات فراہم کرنے والے اداروں میں بھی سرمایہ کاری کی۔

فوربز نے انہیں جون 2019 میں دنیا کے پہلے ریپر ارب پتی کا اعزاز دیتے ہوئے سرورق پر ان کی تصویر بھی شائع کی۔

جے زی اور بیونسے نے 2008 میں شادی کی—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
جے زی اور بیونسے نے 2008 میں شادی کی—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

سرورق پر جے زی کے ساتھ امریکی سرمایہ کار اور صنعت کار ورن بفٹ کو جگہ دی گئی ہے۔

جے زی اور بیونسے کے درمیان 2002 میں تعلقات استوار ہوئے اور دونوں نے چند سال بعد 2008 میں شادی کرلی۔

جوڑے کے ہاں 2012 میں پہلی بچی کی پیدائش ہوئی اور 2017 میں دونوں کے ہاں جڑواں بچوں ایک بیٹے اور ایک بیٹی کی پیدائش ہوئی۔

دونوں نے متعدد گانوں میں ایک ساتھ پرفارمنس بھی کی اور ان کے مشترکہ گانوں نے کئی ریکارڈز بھی بنائے۔

شادی شدہ زندگی گزارنے اور ایک دوسرے کے ساتھ دیکھے جانے کے باوجود دونوں اپنے تعلقات کے حوالے سے میڈیا میں زیادہ بات نہیں کرتے اور دونوں کو دنیا کے بااثر ترین شادی شدہ جوڑوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

جوڑے کا شمار دنیا کے بااثر ترین جوڑوں میں ہوتا ہے—فوٹو: دی کرنٹ
جوڑے کا شمار دنیا کے بااثر ترین جوڑوں میں ہوتا ہے—فوٹو: دی کرنٹ

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024