تعلقات میں مزید بہتری کیلئے پاکستان کا دورہ کروں گا، اشرف غنی
افغانستان کے صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ وہ 27 جون کو پاکستان کا دورہ کرکے اسلام آباد کے ساتھ نئے تعلقات کا دور شروع کریں گے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے ’اے پی‘ کے مطابق عید الفطر کے موقع پر انہوں نے کہا کہ مذکورہ دورے کا مقصد عدم اعتماد اور ایک دوسرے پر الزامات کا خاتمہ کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم پاکستان اور افغان صدر خطے میں قیام امن کیلئے پُرعزم
واضح رہے کہ سعودی عرب میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی سائیڈ لائن میں دونوں ممالک کے رہنماؤں کی ملاقات ہوئی تھی۔
وزیراعظم عمران خان نے مشترکہ مفادات سے متعلق معاملات پر جامع تبادلہ خیال کرنے کے لیے افغان صدر اشرف غنی کو ایک مرتبہ پھر دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی۔
اشرف غنی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’وہ پاکستان کا دورہ کریں گے‘۔
مزیدپڑھیں: افغان سرحد سے حملہ، پاک فوج کے 3 اہلکار شہید،7 زخمی
ان کا کہنا تھا کہ ’میں پرامید ہوں کہ دورہ مثبت رہے گا‘۔
او آئی سی کی سائیڈ لائن ملاقات میں وزیراعظم عمران خان اور اشرف غنی کے مابین دوطرفہ تعلقات اور افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
وزیراعظم نے افغان صدر کو یقین دہانی کروائی تھی کہ پاکستان، افغانستان میں قیامِ امن اور دونوں برادر ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات قائم کرنے میں ہر ممکن کردار ادا کرنے کی کوشش کرے گا۔