• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

ججز کے خلاف حکومتی ریفرنس: وکلا کی سپریم کورٹ کو تالا لگانے کی دھمکی

شائع June 4, 2019
وکلا برادری کی جدوجہد یرغمال نہیں ہونے دیں گے، امان اللہ کرمانی—فوٹو: ڈان نیوز
وکلا برادری کی جدوجہد یرغمال نہیں ہونے دیں گے، امان اللہ کرمانی—فوٹو: ڈان نیوز

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن (ایس سی بی اے) کے صدر امان اللہ کرمانی نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس کی سماعت پر ’احتجاج کا روایتی انداز‘ اپنانے کے بجائے عدالتوں پر تالے لگا کر احتجاج کی دھمکی دے دی۔

سپریم کورٹ کی بلڈنگ کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے امان اللہ کرمانی نے کہا کہ شاہراہ دستور پر روایتی احتجاج کے تحت عدالتی سماعت کا بائیکاٹ نہیں کریں گے بلکہ احاطہ عدالت کے اندر احتجاج کرتے ہوئے تمام عدالتوں کو تالے لگا دیں گے‘۔

یہ بھی پڑھیں: ‘ججز کے خلاف ریفرنس کیلئے برطانیہ سے دستاویزات حاصل کی گئیں‘

واضح رہے کہ وزارت قانون و انصاف کے ترجمان اور وزیر اعظم کے دفتر کے اثاثہ وصولی یونٹ (اے آر یو) نے ایک مشترکہ بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ انہیں اعلیٰ عدالتوں کے ججز کی برطانیہ میں رجسٹرڈ جائیدادوں کی مصدقہ نقول موصول ہوگئی ہیں جن کی بنیاد پر سپریم جوڈیشل کونسل (ایس جے سی) میں ان کے خلاف ریفرنس دائر کیا گیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ ’تمام معلومات/ شکایات موصول ہونے پر اے آر یو، اٹارنی جنرل پاکستان، وزارت قانون و انصاف، وزیراعظم اور صدر مملکت نے اسے سپریم جوڈیشل کونسل کے سامنے پیش کیا‘۔

ایس سی بی اے کے صدر نے خبردار کیا کہ اگر سپریم جوڈیشل کونسل (ایس جے سی) نے سپریم کورٹ کے جج کے خلاف 14 جون کو سماعت کی تو وکلا برادری جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف دائر ریفرنس کو کورٹ نمبر ایک میں نذر آتش کردے گی۔

مزیدپڑھیں: 'سینئر ججز کے خلاف ریفرنسز کے پسِ پردہ وزارت قانون و انصاف نہیں'

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے 14 جون کو وکلا برادری کے خلاف طاقت کا استعمال کیا تو وکلا سینوں پر گولی کھانے کو بھی تیار ہیں۔

امان اللہ کرمانی نے یہ بھی کہا کہ ’اس مرتبہ عوام اور وکلا روڈ پر نہیں آئیں گے بلکہ جن لوگوں نے قانون اور آئین کو مسخ کرنے کی غلطی کی ہے انہیں روڈ پر گھسیٹا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ’ہمیں نام نہاد قابل لوگوں کی جگہ اپنا خون بہانے والے سنجیدہ وکلا چاہئیں‘۔

ایس سی بی اے کے صدر نے مزید بتایا کہ وہ وکلا برادری کی جدوجہد یرغمال نہیں ہونے دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ججز کے خلاف حکومتی ریفرنس پر جسٹس فائز عیسیٰ کا صدر مملکت کو خط

ان کا کہنا تھا کہ بعض ججز کی چیمبر سے اعلیٰ عدلیہ میں ترقی اور بعض کی فیس میں اضافہ، جیسا کہ انہوں نے گزشتہ مہم میں کیا، کے تحت جدوجہد یرغمال نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ’ہم فون پر سنائے جانے والے کسی بھی فیصلے کو تسلیم نہیں کریں گے‘۔

امان اللہ کرمانی نے کہا ہم حکومت کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ ریاست پر حملہ نہ کرے، ہم اجازت نہیں دیں گے کہ جو سلوک فاطمہ جناح کے ساتھ کیا گیا اور اب قلات کے سابق حکمران کے پوتے (جسٹس قاضی فائز عیسیٰ) کے ساتھ ایسا برتاؤ کیا جارہا ہے۔

مزیدپڑھیں: سینئر ججز کے خلاف حکومتی ریفرنس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل احتجاجاً مستعفی

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت جج کے خلاف احتساب چاہتی ہے تو سپریم جوڈیشل کونسل میں تمام 350 زیر التوا مقدمات کو کھولے۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024