• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

11 سال بعد پاکستان کیلئے برٹش ایئرویز کا فلائٹ آپریشن بحال

شائع June 3, 2019
برطانوی ایئرلائن کی پرواز آج صبح اسلام آباد پہنچی تھی — فوٹو: اسکرین شاٹ
برطانوی ایئرلائن کی پرواز آج صبح اسلام آباد پہنچی تھی — فوٹو: اسکرین شاٹ

برطانوی ایئرلائن برٹش ایئر ویز کا فلائٹ آپریشن 11 سال بعد پاکستان کے لیے بحال ہونے کے بعد پہلی پرواز اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچ گئی۔

برٹش ایئرویز کی پرواز BA261، بوئنگ طیارے 787 میں 200 سے زائد مسافروں کو لے کر آج (بروز پیر) صبح 9 بج کر 15 منٹ پر اسلام آباد پہنچی۔

شیڈول کے مطابق برٹش ایئر ویز کی ہفتہ وار 3 پروازیں اسلام آباد سے لندن اور لندن سے اسلام آباد چلائی جائیں گی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے کامرس عبدالرزاق، معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی ذوالفقار حسین بخاری، ایوی ایشن ڈویژن اور برطانوی ہائی کمیشن کے سینئر عہدیداران نے مسافروں کا استقبال کیا۔

برٹش ایئر ویز کی پرواز کی آمد کے لیے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، اس موقع پر پولیس، کوئیک رسپانس فورس یونٹ اور اسنائپرز سمیت 600 اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔

— فوٹو: ریڈیو پاکستان
— فوٹو: ریڈیو پاکستان

لندن سے اسلام آباد پہچنے والی پرواز نے بعد ازاں 11 بج کر 10 منٹ پر ہیتھرو ایئرپورٹ کے لیے اڑان بھری۔

مزید پڑھیں: برٹش ایئرویز کا 10 سال بعد پاکستان میں فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

خیال رہے کہ دسمبر 2018 میں برطانوی ایئر لائنز 'برٹش ایئرویز' نے جون 2019 سے پاکستان میں فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اس سلسلے میں برطانوی ہائی کمشنر تھومس ڈریو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہیتھرو ایئرپورٹ سے اسلام آباد کے نئے ایئرپورٹ کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز آئندہ جون سے کیا جائے گا۔

گزشتہ ماہ برٹش ایئر ویز کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں کہا گیا تھا کہ ایئرلائن لندن ہیتھرو کے لیے ایک ہفتے میں 3 پروازوں کی سروس کا آغاز کررہی ہے، 2 جون کو پہلی پرواز سے قبل، ایئرلائن کی واپسی کے لیے حتمی تیاریاں کی جارہی ہیں۔

— فوٹو: ریڈیو پاکستان
— فوٹو: ریڈیو پاکستان

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں برٹش ایئرویز کے فلائٹ آپریشن کا آغاز 2 جون سے ہوگا

اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا تھا کہ پاکستان میں برطانوی ایئرلائن 'برٹش ایئر ویز' کی پروازوں کی آمد سے قبل ان کے سیکیورٹی خدشات دور کردیے گئے۔

خیال رہے کہ برٹش ایئرویز نے ستمبر 2008 میں اسلام آباد کے میریٹ ہوٹل میں ہونے والے بم دھماکے کے بعد پاکستان میں اپنی پروازوں کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کردیا تھا۔

میریٹ ہوٹل پر ہونے والے بم دھماکے میں 50 افراد جاں بحق اور 250 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024