• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

وزیر اعظم او آئی سی سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے سعودیہ پہنچ گئے

شائع May 30, 2019
عمران خان اسلامی تعاون تنظیم کی 14ویں سربراہ کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے — فوٹو: پی ٹی آئی ٹویٹر
عمران خان اسلامی تعاون تنظیم کی 14ویں سربراہ کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے — فوٹو: پی ٹی آئی ٹویٹر

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے وزیر اعظم عمران خان سعودی عرب پہنچ گئے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی 'اے پی پی' کے مطابق وزیر اعظم عمران خان 3 روزہ دورے پر مدینہ منورہ پہنچے، جہاں انہوں نے روضہ رسول ﷺ پر حاضری دی اور مسجد نبوی میں نماز عصر اور نوافل ادا کیے۔

روضہ رسولؐ پر حاضری اور مسجد نبوی میں نوافل کی ادائیگی کے بعد وزیر اعظم جدہ کے لیے روانہ ہو گئے۔

وزیر اعظم مکہ مکرمہ میں اسلامی تعاون تنظیم کی 14ویں سربراہ کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

یہ اجلاس 31 مئی کو خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی میزبانی میں منعقد ہو گا۔

رواں سال او آئی سی سربراہ کانفرنس کا موضوع 'مکہ مکرمہ اجلاس: مستقبل کی جانب ہم قدم' ہے۔

یہ اجلاس امت مسلمہ کو درپیش مسائل اور چیلنجز پر یکساں موقف اپنانے کے لیے منعقد کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سربراہی اجلاس او آئی سی رکن ممالک کو اپنے خیالات کے اظہار اور اسلامی ممالک کے مفاد پر مبنی سیاسی، معاشی اور سلامتی سے متعلق امور پر غور کا قیمتی موقع فراہم کرنے کا اہم پلیٹ فارم ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ وزیراعظم دیگر معاملات کے علاوہ مسلم امہ کے اتحاد و یک جہتی کے ناگزیر تقاضوں اور مسئلہ کشمیر، اسلام مخالف بڑھتے ہوئے رجحانات، تعلیم اور سائنسی ترقی جیسے امور کے لیے حمایت پر توجہ مرکوز کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق 2019 او آئی سی کے قیام کی 50ویں سالگرہ کا برس بھی ہے، 1969 میں قائم ہونے والی او آئی سی اقوام متحدہ کے بعد دنیا کی دوسری سب سے بڑی کثیر الملکی تنظیم ہے جس میں ایک چوتھائی سے زیادہ آبادی کے نمائندے شامل ہے جن کا مجموعی جی ڈی پی 190.4 کھرب ہے۔

اس میں مزید بتایا گیا کہ بانی ارکان میں سے ایک کی حیثیت سے پاکستان نے مسلمانوں کو درپیش مسائل اجاگر کرنے اور تنظیم کو فعال بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

یاد رہے کہ او آئی سی نے اپنی قراردادوں، اعلامیوں اور مراسلوں کے ذریعے مقبوضہ جموں وکشمیر پر پاکستان کے موقف کی ہمیشہ حمایت کی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024