'باقی 9 کپتان ایک طرف، ہمارا کپتان ایک طرف'
کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کی افتتاحی تقریب برطانیہ کے بکنگھم پیلس میں منعقد ہوئی جس میں تمام ٹیموں نے شرکت کی جبکہ کپتانوں نے برطانیہ کی ملکہ الزبتھ کے ہمراہ تصاویر بھی بنوائیں۔
اس دوران تمام ٹیموں کے کپتان ایک ہی انداز کے ملبوسات میں نظر آئے جبکہ پاکستانی کرکٹ کپتان سرفراز احمد ان سب کے درمیان سب سے منفرد اور متاثر کن لگے۔
سرفراز احمد نے اس دوران باقی کپتانوں کی طرح سوٹ پہننے کے بجائے پاکستان کے روایتی لباس سفید رنگ کے شلوار قمیض پہننے کو ترجیح دی، جس کے ساتھ انہوں نے سبز رنگ کا کوٹ بھی پہنا، سرفراز نے قومی لباس زیب تن کرکے عالمی فورم پر پاکستان کی بہترین نمائندگی کی۔
سرفراز احمد نے اس دوران برطانیہ کی ملکہ الزبتھ سے بھی ملاقات کی۔
سوشل میڈیا پر بھی سرفراز احمد کو ان کے اس انداز کے لیے خوب سراہا گیا۔
پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی نے اپنی ٹوئٹ میں اس ایونٹ کی تصاویر شیئر کیں جبکہ سرفراز احمد کو سراہتے ہوئے لکھا کہ 'ورلڈ کپ جیتو یا ہارو مگر دل جیت لیا'۔
لاہور قلندرز کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف کے مطابق یہ پاکستان کے لیے فخر کے لمحات تھے۔
وہ لکھتے ہیں کہ پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے قومی لباس زیب تن کرکے بہترین مثال دی۔
ایک صارف نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ 'واحد کرکٹر جو اپنے قومی لباس میں موجود ہے، پاکستانی قوم آپ کو سلام کرتی ہے۔
ایک اور صارف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر سرفراز احمد کے اس انداز کے بعد لکھا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے اس انداز سے ان کا دل جیت لیا۔
ایک صارف نے تعریف کرتے ہوئے کہا کہ 'باقی 9 کپتان ایک طرف، ہمارا کپتان ایک طرف'۔
ورلڈکپ کا آغاز میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ سے ہو چکا ہے جبکہ پاکستانی ٹیم اس ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی۔
تبصرے (5) بند ہیں