• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

شکارپور: ایچ آئی وی ٹیسٹ مثبت آنے پر شوہر کے ہاتھوں بیوی کا مبینہ قتل

شائع May 29, 2019
واقعہ ڈَکھن پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع گاؤں وزیر رِند میں پیش آیا — فائل فوٹو / رائٹرز
واقعہ ڈَکھن پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع گاؤں وزیر رِند میں پیش آیا — فائل فوٹو / رائٹرز

سندھ کے ضلع شکارپور میں شوہر نے ایچ آئی وی ٹیسٹ مثبت آنے پر اپنی اہلیہ کو مبینہ طور پر درخت سے لٹکا کر ان کی جان لے لی۔

واقعہ ڈَکھن پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع گاؤں وزیر رِند میں پیش آیا۔

اسٹسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ شکارپور پولیس فاروق امجد نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم بہادر رِند نے مبینہ طور پر اپنی اہلیہ اور چار بچوں کی ماں 30 سالہ زرینہ کو ان کا ایچ آئی وی ٹیسٹ مثبت آنے پر درخت پر رسی سے لٹکا کر قتل کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق زرینہ ایچ آئی وی ٹیسٹ کے لیے 9 مئی کو لاڑکانہ کی تحصیل رتوڈیرو گئی تھی اور نتیجہ مثبت آنے پر ان کے اور بہادر رند کے درمیان روزانہ جھگڑا ہوتا تھا۔

مزید پڑھیں: ایچ آئی وی: سندھ کے مختلف اضلاع میں مزید نئے کیسز سامنے آگئے

واقعے کے بعد علاقے کی پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کردیا، جبکہ مقتولہ کی لاش کو گڑھی یاسین تحصیل ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد ان کے لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔

زرینہ کے بھائی اکبر رند نے مقامی صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایچ آئی وی ٹیسٹ مثبت آنے پر ان کی بہن کو پہلے قتل کیا گیا اور پھر ان کی لاش کو درخت سے لٹکایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی بہن اپنے شوہر کے رویے سے متعلق اکثر شکایت کرتی تھی۔

دوسری جانب ملزم نے کہا کہ ان کی اہلیہ نے ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آنے پر خودکشی کی۔

یہ بھی پڑھیں: ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کی تشخیص کیلئے طبی تحقیقات کی تجویز

واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سندھ کے مختلف اضلاع میں اسکریننگ ٹیسٹ کے بعد ایچ آئی وی پازیٹو (ایڈز) کے سیکڑوں کیسز سامنے آچکے ہیں اور مزید کیسز کے منظر عام پر آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024