'چھو لے آسماں' جنون کا پاکستانی کرکٹ ٹیم کیلئے نیا ترانہ
پاکستانی راک بینڈ جنون نے 15 سال بعد اکٹھے ہوکر اپنا نیا گانا ریلیز کردیا، جو ورلڈ کپ کے موقع پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیے تیار کیا گیا۔
'چھولے آسماں' نامی اس ترانے میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا گیا جبکہ ورلڈ کپ کے موقع پر پاکستانی عوام کے بڑھے ہوئے جوش و جذبے کی عکاسی بھی کی گئی۔
جنون بینڈ کے مرکزی گلوکار علی عظمت نے اپنے فیس بک پر اس گانے کی ویڈیو شیئر کی، جس میں پاکستان کی نوجوان نسل کو پیش کیا گیا۔
ویڈیو شیئر کرنے کے ساتھ گلوکار نے لکھا کہ 'انتظار آخر کار ختم ہوا، 15 سالوں بعد ہم پاکستانی کرکٹ ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے بنائے اس ترانے کے ساتھ اکٹھے ہوئے ہیں، یہ گانا پاکستان کی مختلف ثقافتوں کے لیے بھی بنایا گیا، امید ہے ہم سب اس مثبت پیغام کو سراہا سکیں جو اس ترانے میں پیش کیا گیا'۔
مزید پڑھیں: کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے 'جنون' کا نیا گانا بنانے کا اعلان
خیال رہے کہ جنون بینڈ نے چند روز قبل اپنے مداحوں کے ساتھ ایک ویڈیو کے ذریعے یہ خبر شیئر کی تھی کہ ان کا بینڈ مل کر ایک نیا گانا تیار کرنے جارہا ہے۔
ویڈیو میں جنون بینڈ کے بانی سلمان احمد کا کہنا تھا کہ 'ہم پاکستان کے اتحاد کے لیے ایک ساتھ آرہے ہیں، ہماری کرکٹ ٹیم پاکستان کا سر فخر سے اٹھائے گی'۔
یاد رہے کہ جنون بینڈ میں سلمان احمد، علی عظمت اور برائن او کونل موجود ہیں۔
ان تینوں نے مل کر آخری مرتبہ 2003 میں گانا ریلیز کیا تھا، جس کے بعد ان سب کے راستے الگ ہوگئے۔
گزشتہ سال ان تینوں نے ‘خودی کو کر بلند اتنا’ کے ریمکس کے ذریعے ‘جنون’ بینڈ میں واپسی کی۔
خیال رہے کہ جنون بینڈ کی جانب سے بنایا گیا گانا 'جذبہ جنون' 1996 میں سامنے آیا تھا، یہ ترانہ بھی پاکستانی کرکٹ ٹیم کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تیار کیا گیا تھا۔
'جذبہ جنون' آج بھی مداحوں میں اتنا ہی مقبول ہے، تاہم کیا جنون کا یہ نیا گانا اس کی مقبولیت کو پیچھے چھوڑ پائے گا؟ کمنٹ میں ضرور بتائیں۔
تبصرے (1) بند ہیں