• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

جاپان: چاقو بردارشخص کے حملے میں 2 افراد ہلاک، 16 زخمی

شائع May 28, 2019
واقعہ جاپان کے دارلحکومت ٹوکیو کے جنوبی علاقے کاواساکی میں پیش آیا—تصویر:اے ایف پی
واقعہ جاپان کے دارلحکومت ٹوکیو کے جنوبی علاقے کاواساکی میں پیش آیا—تصویر:اے ایف پی

ایک چاقو بردار حملہ آور نے اسکول کی ایک 12 سالہ طالبہ اور ایک شخص کو قتل جبکہ ایک درجن سے زائد افراد کو چاقو مار کر زخمی کردیا اور اس کے بعد اپنے آپ کو بھی چاقو مار کر خودکشی کرلی۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق چاقو سے حملے کا یہ واقعہ جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے جنوبی علاقے کاواساکی میں پیش آیا، ابتدائی طور پر ملزم کی جانب سے اس اقدام کی وجوہات سے متعلق پتہ نہیں چل سکا۔

خیال رہے کہ جاپان دنیا کے ان چند ترقی یافتہ اور پر امن ممالک میں سے ایک ہے جہاں جرائم کی شرح انتہائی کم ہے۔

نپون میڈیکل اسکول کے ڈپٹی ڈائریکٹر کیوشی متسودا نے صحافیوں کو بتایا کہ 12 سالہ طالبہ اور 39 سالہ شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: چین: چاقو بردار شخص کے حملے میں 7 طلبہ ہلاک

مقامی میڈیا کے مطابق حملہ آور 50 سال سے زائد عمر کا تھا، جس نے خود کو بھی چاقو مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا، ایمرجنسی سروسز کے مطابق اس حملے میں کم از کم 16 افراد زخمی بھی ہوئے۔

اس غیر معمولی واقعے پر ردِ عمل دیتے ہوئے جاپان کے وزیراعظم نے کہا کہ ’یہ نہایت ہولناک کیس ہے اور مجھے سخت غصہ ہے، میں متاثرین کے لواحقین سے تعزیت اور زخمی افراد کی جلد صحت یابی کے لیے پر امید ہوں‘۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق عینی شاہدین نے ایک شخص کو ایک بس اسٹاپ کے نزدیک چاقو لہراتے ہوئے دیکھا جہاں طلبہ بس کا انتظار کررہے تھے اور وہ چیخ کر کہہ رہا تھا کہ ’میں تمہیں قتل کردوں گا‘۔

اس سلسلے میں قریبی رہائش پذیر 25 سالہ متسوموٹو کا کہنا تھا کہ وہ چیخوں کی آواز سن کر باہر نکلا تھا جہاں اس نے ایک آدمی کو سڑک پر گرا ہوا دیکھا جبکہ ایک لڑکی بھی زمین پر گری ہوئی دیکھی گئی۔

مزید پڑھیں: آسٹریلیا: چاقو بردار کے حملے میں ایک شخص ہلاک، 2 زخمی

عینی شاہد کے مطابق 5 سے 6 لڑکیاں مزید موجود تھیں جن کے کپڑوں پر خون لگا ہوا تھا اور شاید وہی تھیں جن کی چیخ و پکار کی آوازیں آرہی تھیں۔

حملہ صبح سویرے مصروف اوقات کے درمیان کیا گیا جب لوگ دفاتر اور طلبہ اسکول جارہے تھے، ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ انہیں پہلی ایمرجنسی کال صبح 8 بجے سے پہلے موصول ہوئی۔

دوسری جانب ہسپتال حکام کا کہنا تھا کہ ایک 40 سالہ خاتون اور 3 لڑکیاں تشویشناک حالت میں ہیں، جن کے سر اور گردن پر زخم آئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مانچسٹر: چاقو بردار شخص کا مسافروں پر حملہ، 3 زخمی

ایک نشریاتی ادارےکا کہنا تھا کہ جائے واردات سے 2 چاقو برآمد ہوئے ہیں لیکن اس کی فوری طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔

واضح رہے کہ جاپان میں پرتشدد واقعات کی شرح انتہائی کم ہے اور بچے اسکول جانے کے لیے اکیلے سفر کرتے ہیں ملک میں سخت اسلحہ قوانین نافذ ہیں لیکن کچھ چاقو کے حملے پہلے بھی دیکھنے میں آئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024