آخر وائی فائی کس لفظ کا مخفف ہے؟
وہ زمانہ اب ماضی کا حصہ بن چکا ہے جب لوگوں کو انٹرنیٹ کے لیے ڈائل اپ کنکشن کے لیے طویل انتظار کرنا پڑتا تھا اور اب آن لائن دنیا کی سیر کرنا بہت آسان ہوگیا ہے اور اس کے لیے ہمیں وائی فائی کا شکر گزار ہونا چاہیے۔
وائی فائی کیا ہے؟
ویسے تو یہ سوال بچکانہ لگتا ہے کہ کیونکہ بیشتر افراد ہی واقف ہیں کہ وائی فائی ایسا وائرلیس نیٹ ورک ہوتا ہے جو ریڈیو فریکوئنسی سگنل استعمال کرکے ڈیوائس کو انٹرنیٹ سے کنکٹ کرتا ہے یا ڈیوائسز کے درمیان میسجز بھیجنے میں مدد دیتا ہے اور اس کے لیے تاروں کی ضرورت نہیں ہوتی۔
فون، لیپ ٹاپ، ٹیبلیٹس ، ٹی وی اور پرنٹرز وغیرہ غرض سب میں وائی فائی کی ریڈیو لہروں کا استعمال اب ہورہا ہے۔
1997 میں ایک کمیٹی نے وائی فائی اسٹینڈرڈ کی پہلی بار منظوری دی تھی جس کے 2 سال بعد کمپنیوں کے ایک گروپ نے وائرلیس الائنس کو تشکیل دیا۔
یہ ایک ایسا نان پرافٹ ادارہ ہے جو نئے وائرلیس اسٹینڈرڈ کو بنانے اور اس کے اطلاق میں مدد دیتا ہے۔
تو وائی فائی کس لفظ کا مخفف ہے؟
حقیقت تو یہ ہے کہ کسی کو معلوم نہیں کہ وائی فائی کس لفظ کا مخفف ہے۔
وائی فائی الائنس کے مطابق بنیادی طور پر وائی فائی ایک ٹریڈ مارک ٹرم ہے جو اس ڈیوائس یا ٹیکنالوجی کی وضاحت کرتی ہے جو کہ انسٹیٹیوٹ آف الیکٹریکل اینڈ الیکٹرونکس انجنیئرز کے وائرلیس کمیونیکیشن اسٹینڈرڈ 802.11 پر مبنی ہوتی ہے۔
چونکہ انسٹیٹیوٹ آف الیکٹریکل اینڈ الیکٹرونکس انجنیئرز بہت طویل نام ہے تو وائی فائی الائنس نے ایک مارکیٹنگ کمپنی کی خدمات حاصل کیں اور اس نے وائی فائی نام تجویز کیا۔
اس سوال کے گرد کافی بحث ہوتی ہے کہ وائی فائی کا مخفف کیا ہے اور ایسی افواہیں بھی ہیں کہ یہ وائرلیس فیڈیلیٹی ہے کیونکہ وائی فائی الاﺅنس ایک ٹیگ لائن استعمال کرتی ہے دی اسٹینڈرڈ فار وائرلیس فیڈیلیٹی۔
یہی وجہ ہے کہ متعدد افراد وائی فائی سے مراد وائرلیس فیڈیلیٹی ہوسکتا ہے مگر یہ جان لیں کہ یہ ٹیگ لائن نام کے بعد سامنے آئی۔
بعد ازاں وائی فائی الائنس نے وہ ٹیگ لائن بھی ہٹا دی اور اب بھی وائی فائی کے مخفف کے حوالے سے لوگوں میں الجھن پائی جاتی ہے۔