• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

چاند کی رویت سے متعلق سرکاری ویب سائٹ لانچ

شائع May 26, 2019
فواد چوہدری کے مطابق چاند کی معلومات کے لیے ویب سائٹ لانچ کردی گئی — فائل فوٹو/ اے ایف پی
فواد چوہدری کے مطابق چاند کی معلومات کے لیے ویب سائٹ لانچ کردی گئی — فائل فوٹو/ اے ایف پی

وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے مطابق چاند کی رویت اور اس حوالے سے دیگر تفصیلات کی معلومات کے لیے سرکاری ویب سائٹ لانچ کردی گئی۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے مختصر پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ چاند کی رویت کے لیے پاکستان کی ویب سائٹ (http://www.pakmoonsighting.pk/) لانچ کردی گئی۔

چاند کی رویت کے حوالے سے بنائی گئی ویب سائٹ پر وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے عیدالفطر کی تاریخ کا اعلان بھی کردیا گیا ہے، ویب سائٹ کے مطابق عیدالفطر 5 جون 2019 (بروز بدھ) ہوگی۔

اس سے قبل 20 مئی کو فواد چوہدری نے اعلان کیا تھا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے سائنسی بنیادوں پر چاند دیکھنے کے معاملے کے لیے قمری کیلنڈر تیار کرلیا، یہ قمری کیلنڈر 5 سال کے لیے تیار کیا گیا ہے اور 5 سال بعد اس کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے 'قمری کیلنڈر' تیار کر لیا

وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 'کیلنڈر میں سائنسی طور پر بتایا گیا ہے جس میں پاکستان کی حدود میں چاند کن کن تاریخوں میں نظر آئے گا، غروب ہوگا اور اس پر گرہن کب لگے سے متعلق معلومات ہوں گی'۔

— فوٹو: اسکرین شاٹ ویب سائٹ
— فوٹو: اسکرین شاٹ ویب سائٹ

ان کا کہنا تھا کہ 'قمری کیلنڈر سے متعلق اسلامی نظریاتی کونسل سے رائے لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ کیلنڈر جاری کرنے سے قبل علما سے بھی مشاورت کی جائے گی اور اس سلسلے میں مفتی منیب الرحمٰن اور مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو دعوت دی جائے گی'۔

واضح رہے کہ چند روز قبل ایک پریس کانفرنس کے دوران فواد چوہدری نے کہا تھا کہ 'وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی قمری کیلنڈر 15ویں روزے کو کابینہ کو بھجوائے گی، اب یہ کابینہ پر منحصر ہے کہ وہ چاہے تو منظور کرے یا مسترد کردے۔'

انہوں نے کہا کہ مفتی منیب الرحمٰن سمیت دیگر تمام علما کا احترام ہے، وہ علما آج چاند دیکھتے ہیں جنھیں پاس بیٹھا شخص بھی دکھائی نہیں دیتا۔

انہوں نے کہا کہ جدید دوربین کو حرام قرار دینے کی سمجھ نہیں آتی جبکہ ہماری پرانی دور بین سو سال پرانی ہے، نماز کے اوقات سورج سے منسلک ہیں اسی طرح چاند کا مسئلہ بھی ایسا ہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چاند کی رویت کا تنازع حل کرنے کیلئے کمیٹی قائم

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ چاند دیکھنا سائنسی علم ہے اور مذہب انسان کا ذاتی عمل ہے، ہم قوم کے سامنے متبادل طریقہ کار رکھیں گے۔

— فوٹو: اسکرین شاٹ ویب سائٹ
— فوٹو: اسکرین شاٹ ویب سائٹ

اس سے ایک روز قبل فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ چاند کی رویت کا تنازع حل کرنے کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ 'ٹوئٹر' پر اپنے پیغام میں وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا تھا کہ کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، جس کے مطابق چاند کی رویت کے معاملے پر وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی 5 رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے۔

5 مئی 2019 کو پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے آئندہ 10 سال تک اسلامی کلینڈرز کے تعین اور چاند کی رویت کے معاملے میں اختلافات کو دور کرنے کے لیے ایک کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا تھا۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم ہاؤس میں یونیورسٹی کے 8 شعبے قائم کریں گے، فواد چوہدری

یہ اعلان وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا تھا، وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں چاند کے معاملے پر تنازع کو ختم کرنے کے لیے ایک کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو آئندہ 10 سال کے لیے اسلامی کلینڈر کی تاریخ کا تعین کرے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024