• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

پاکستان میں برٹش ایئرویز کے فلائٹ آپریشن کا آغاز 2 جون سے ہوگا

شائع May 24, 2019
ہیتھرو ایئرپورٹ سے اسلام آباد ایئرپورٹ کے لیے ہفتے میں 3 پروازیں چلیں گی،  برٹش ایئر ویز — فائل فوٹو/اے پی
ہیتھرو ایئرپورٹ سے اسلام آباد ایئرپورٹ کے لیے ہفتے میں 3 پروازیں چلیں گی، برٹش ایئر ویز — فائل فوٹو/اے پی

**راولپنڈی : برطانوی ایئر لائنز 'برٹش ایئرویز' 2 جون سے 11 سال بعد پاکستان میں فلائٹ آپریشن کا آغاز کرے گی۔

برٹش ایئر ویز کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ایئرلائن لندن ہیتھرو کے لیے ایک ہفتے میں 3 پروازوں کی سروس کا آغاز کررہی ہے، 2 جون کو پہلی پرواز سے قبل، ایئرلائن کی واپسی کے لیے حتمی تیاریاں کی جارہی ہیں۔

یہ سروس تھری کلاس بوئنگ 787 ڈریم لائنر کے ذریعے فراہم کی جائے جس میں مسافر ورلڈ ٹریولر، ورلڈ ٹریولر پلس اوور کلب ورلڈ کلاسز میں سفر کرسکیں گے۔

787 طویل سفر کے لیے نیا بوئنگ طیارہ ہے جس میں ایندھن کی کارکردگی دیگر طیاروں کے مقابلے میں 20 فیصد زیادہ ہے اور بڑی کھڑکیاں اور ان فلائٹ انٹرٹینمنٹ بھی موجو د ہے۔

مزید پڑھیں: برٹش ایئرویز کا 10 سال بعد پاکستان میں فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

پریس ریلیز میں کہا گیا کہ صارفین پرواز کے دوران پیشگی خدمات کی توقع کرسکتے ہیں جس میں ہر کیبن میں حلال کھانے کا آپشن بھی شامل ہے ۔

ایئر لائن کی کوشش ہوگی کہ ہر کھانے میں موجود ساس میں الکحل یا پورک نہ ہو، برٹش ایئر ویز کی فلائٹ میں صارفین چند کھانے بھی پیشگی آرڈر کرواسکیں گے جس میں سبزیاں بھی شامل ہیں۔

ایئرلائن میں پاکستان اور برطانوی-پاکستان افراد کی بڑی تعداد موجود ہے جو اردو بولتے ہیں اور وہ پرواز پر خدمات سرانجام دینے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

برٹش ایئر ویز کے کمرشل آفیسر اینڈریو بریم نے کہا کہ ' روٹ کے آغاز کے لئے حتمی تیاریاں کرتے ہوئے ہمارا جوش بڑھ رہا ہے، صارفین اور ساتھیوں کی جانب سے پذیرائی قابل تعریف ہے اور ہم امید کرتے ہں کہ برطانیہ اور پاکستان کے صارفین ہماری جانب سے پیش کی جانے والی کلاسک برطانوی سروس کا لطف اٹھاسکیں'۔

افتتاحی پرواز کے عملے میں شامل آفتاب خان نے کہا کہ ' میں انتظار نہیں کرسکتا کہ یہ کتنا شاندار موقع ہوگا، اس پرواز کے عملے میں شامل ہونا میرے لیے ایک اعزاز سے کم نہیں، میں جانتا ہوں اس فلائٹ میں جانے والے میرے دیگر ساتھی بھی اتنے ہی پُرجوش ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں: برٹش ایئرویز کا وفد سیکیورٹی کا جائزہ لینے پاکستان آئے گا

برٹش ایئرویز کی پرواز میں ہینڈ بیگیج میں ایک لارج کیبن بیگ، ایک چھوٹا لیپ ٹاپ یا ہینڈ بیگ لے جانے کی اجازت ہوگی، آئن لائن چیک ان اور روانگی سے 24 گھنٹے قبل اپنی مرضی کی سیٹ منتخب کرنی کی اجازت بھی ہوگی۔

لندن اور اسلام آباد کے درمیان واپسی کے کرائے ورلڈ ٹریولر کلاس میں 448 یورو ، ورلڈ ٹریولر میں 709 یورو اور کلب ورلڈ میں 1499 یورو سے شروع ہوتے ہیں۔

تاہم ایویس پارٹ پیمنٹ کے استعمال سے یہ ورلڈ ٹریولر میں 248 یورو، ورلڈ ٹریولر پلس میں 459 یورو اور کلب ورلڈ میں 499 یورو تک کم ہوسکتے ہیں۔

وفاقی وزیر برائے ایوی ایشن غلام سرور خان نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں کہا کہ 'برٹش ائیر ویز 11 سال بعد پاکستان آرہی ہے،برٹش ائیر ویز ،جون 2019 سے اسلام آباد سے ہفتہ وار 3فلائٹس چلانے کی خواھش مند ہے۔

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تیاریاں

برٹش ایئرویز کے فلائٹ آپریشن کے آغاز سے قبل قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر حکام کی جانب سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بیرونی سیکیورٹی سمیت تمام تیاریاں مکمل کی جاچکی ہیں۔

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس راولپنڈی کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے راولپنڈی پولیس کی حدود میں ایئرپورٹ کے بیرونی علاقوں کا دورہ کیا اور اہلکاروں کی تعیناتی کا جائزہ لیا تھا۔

سینئر پولیس عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ پولیس ٹیم نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی بیرونی سیکیورٹی کا جائزہ لیا جبکہ ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس اندرونی سیکیورٹی کا جائزہ لے رہی ہے۔

ٹیم نے مسافروں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ایئرپورٹ کے باہر پولیس کی تعیناتی کا جائزہ لیا۔


یہ خبر 24 مئی 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024