پاکستان کرکٹ بورڈ کا شاہد آفریدی فاؤنڈیشن سے معاہدہ
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) اور شاہد آفریدی فاؤنڈیشن ( SAF) کے مابین دوسالہ پارٹنر شپ کا معاہدہ طے پاگیا۔
اس شراکت داری میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے تحت منعقدہ مقابلوں کے علاقہ بقیہ تمام مقابلے شامل ہیں اور اس طرح سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز پہلی سیریز ہوگی۔
اس شراکت داری کے بعد شاہ آفریدی فاؤنڈیشن کے لوگو قومی کرکٹرز کی کٹ پر آویزاں کیے جائیں گے۔
شاہد آفریدی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ میں بہت خوش ہوں کہ پی سی بی کے ساتھ میری فائونڈیشن کی پارٹنر شپ ہوگئی ہے، ہم مل کر پاکستانیوں کے لیے زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ میری فائونڈیشن پاکستان کے لوگوں کو بہتر صحت، تعلیم کی سہولیتں اور صاف پانی مہیا کرنے کے لیے کوشاں ہے، پی سی بی ایک مضبوط برانڈ ہے اور کرکٹ سے لوگوں اور ملکوں کے مابین تعلقات پروان چڑھتے ہیں۔
پی سی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی فائونڈیشن نے پاکستان میں تعلیم اور صحت سمیت مختلف شعبوں میں بہترین کام کیا ہے اور پی سی بی بھی اس فائونڈیشن کے ساتھ مل کر پاکستان غریب لوگوں کی زندگی میں بہتری لانے کے لیے بھرپور کوشش کرے گا۔