• KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm
  • KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm

'بگ باس' کے بعد وینا ملک کا ایک اور ریئلٹی شو

شائع May 23, 2019
وینا ملک 2010 میں بگ باس کا حصہ بنی تھیں —فوٹو/ اسکرین شاٹ
وینا ملک 2010 میں بگ باس کا حصہ بنی تھیں —فوٹو/ اسکرین شاٹ

اداکارہ وینا ملک طویل عرصے سے اسکرینز سے غائب ہیں تاہم اب وہ اپنے کیریئر میں کچھ نیا کرنے کے لیے تیار ہوگئی ہیں۔

ویسے تو وینا خود کئی ریئلٹی شوز کا حصہ بن چکی ہیں، تاہم یہ پہلی بار ہوگا کہ وہ ایک ریئلٹی شو کی میزبانی کرتی بھی نظر آئیں گی۔

وینا ملک 2010 میں بھارتی ریئلٹی شو بگ باس کا حصہ بنیں تھی، انہوں نے حال ہی میں انکشاف کیا کہ وہ بول ٹی وی کے لیے ایک ریئلٹی شو کی شوٹنگ کررہی ہیں۔

ڈان سے بات کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ 'یہ ایک ایسا ریئلٹی شو ہے جہاں ہم اداکاری، گلوکاری، ڈانسنگ اور کامیڈی کے لیے نئے ٹیلنٹ کی تلاش کریں گے'۔

اداکارہ کی بات سن کر ایسا محسوس ہورہا ہے کہ پاکستان میں بھی امریکا گوٹ ٹیلنٹ اور انڈیا گوٹ ٹیلنٹ جیسا شو بن رہا ہے، جس کا نام پاکستان گوٹ ٹیلنٹ ہوسکتا ہے۔

وینا ملک کا مزید کہنا تھا کہ اس ریئلٹی شو کے ججز اداکار حمزہ علی عباسی، کبریٰ خان اور جاوید شیخ ہوں گے۔

اداکارہ نے بتایا کہ 'پاکستان میں بہت زیادہ ایکٹنگ اور ڈانسنگ اسکولز موجود نہیں، لیکن پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے، 90 فیصد نوجوان خود سے فن سیکھ رہے ہیں جنہیں پروفیشنلی ٹریننگ نہیں مل رہی'۔

ریئلٹی شو میں حصہ لینے کے حوالے سے اداکارہ نے بتایا کہ 'اس کے لیے پہلے ایک اوڈیشن ہوگا، ہمیں 15000 انٹریز اب تک موصول ہوچکی ہیں، اب تک ہم نے کوئی آفیشل اعلان بھی نہیں کیا، لیکن امید ہے کہ عید کے بعد اس شو کی تشہیر شروع کردی جائے گی'۔

ریئلٹی شو کی شوٹنگ کے حوالے سے وینا ملک نے بتایا کہ وہ جاوید شیخ کے ساتھ ایک دہائی بعد کام کررہی ہیں اور انہیں بےحد مزح آرہا ہے، ان دونوں نے ایک ساتھ فلم 'یہ دل آپ کا ہوا' میں کام کیا تھا۔

وینا ملک اداکارہ حمزہ علی عباسی اور کبریٰ خان کے ساتھ پہلی مرتبہ کام کرتی نظر آئیں گی۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ 'لوگ مجھ سے سوال پوچھتے ہیں کہ مجھے فلموں، ڈراموں یا شوز میں سے زیادہ اچھا کیا لگتا ہے تو میں بتانا چاہتی ہوں کہ میں نے اپنے کیریئر میں بہت زیادہ ڈراموں میں کام ہی نہیں کیا، مجھے ہمیشہ سے فلموں اور ریئلٹی شوز میں کام کرنا پسند آیا'۔

اس ریئلٹی شو کی نشریات کا آغاز عید کے بعد سے ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2024
کارٹون : 24 دسمبر 2024