• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

امریکی حکومت کے بعد گوگل کا بھی ہواوے کو ریلیف دینے کا فیصلہ

شائع May 22, 2019

گوگل نے تصدیق کی ہے کہ اس نے چینی کمپنی ہواوے کے لیے اینڈرائیڈ سروسز کی بندش کو عارضی طور پر ملتوی کردیا ہے۔

یہ اقدام اس وقت کیا گیا جب امریکی محکمہ تجارت کی جانب سے ہواوے کو 3 ماہ کا لائسنس جاری کیا گیا تاکہ وہ اپنے موجودہ صارفین کو سروسز کی فراہمی جاری رکھ سکے۔

گزشتہ ہفتے امریکا نے ہواوے کو بلیک لسٹ کردیا تھا جس کے باعث امریکی کمپنیوں کو ہواوے کے ساتھ کام کرنے کے لیے حکومتی منظوری درکار تھی۔

یہی وجہ ہے کہ گوگل نے پیر کو اعلان کیا تھا کہ وہ ہواوے سے اپنا تعلق ختم کررہی ہے، جس کے فونز میں گوگل کے اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کو استعمال کیا جارہا ہے۔

گوگل کے اعلان نے ہواوے صارفین میں تشویش کی لہر دوڑا دی تھی اور چینی کمپنی کو یقین دہانی کرانا پڑی تھی کہ وہ اپنے آپریٹنگ سسٹم کی تیاری پر کام کررہی ہے۔

مگر اب نئی پیشرفت اس وقت سامنے آئی جب گوگل نے 19 اگست تک کے لیے ہواوے کے ساتھ اینڈرائیڈ سروسز بحال رکھنے کا اعلان کیا۔

وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ گوگل نے اینڈرائیڈ سروسز کو ہواوے فونز کے لیے برقرار رکھا جائے گا۔

بعد ازاں گوگل نے بھی ایک بیان میں بھی اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا 'فونز کو اپ ٹو ڈیٹ اور محفوظ رکھنا ہر ایک کے مفاد میں ہے اور عارضی لائسنس کی بدولت ہمیں سافٹ وئیر اور سیکیورٹی اپ ڈیٹس فراہم کرنے کا موقع اگلے 90 دن کے لیے مل گیا ہے'۔

ہواوے نے گوگل کے بیان پر بات کرنے سے گریز کیا ہے۔

ٹی جی ایل کا نفاذ پیر سے ہوا ہے جس کے تحت ہواوے کے صارفین کو اپنے فونز پر سافٹ وئیر اپ ڈیٹس ملتی رہیں گی جبکہ کمپنی بھی امریکی سپلائرز سے پرزہ جات خرید سکے گی۔

امریکی سیکرٹری آف کامرس ولبر روس نے ایک بیان میں کہا ' یہ عارضی لائسنس آپریٹرز کو متبادل انتظامات کے لیے وقت فراہم کرتا ہے جبکہ محکمے کو اس دوران یہ تعین کرنے کا موقع مل سکے گا کہ وہ طویل المعیاد بنیادوں پر امریکی اور غیر ملکی ٹیلی کمیونیکشن کمپنیاں جو اس وقت ہواوے کے آلات پر انحصار کررہے ہیں، کے لیے انتظامات کرسکے'۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ لائسنس آپریٹز کو ہواوے موبائل فونزاور براڈ بینڈ نیٹ ورکس پر آپریشنز جاری رکھنے کی سہولت فراہم کرے گا'۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024