• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ایگزٹ پولز: نریندر مودی کے دوبارہ اقتدار میں آنے کا امکان

شائع May 20, 2019
بھارتی عام انتخابات کے نتائج کا اعلان 23 مئی کو کیا جائے گا—فائل فوٹو: اے پی
بھارتی عام انتخابات کے نتائج کا اعلان 23 مئی کو کیا جائے گا—فائل فوٹو: اے پی

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) 7 مرحلوں میں ہونے والے عام انتخابات کے ایگزٹ پولز کے مطابق ایک مرتبہ پھر عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے تیار نظر آتی ہے۔

برطانوی خبررساں ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق بھارتی عام انتخابات کے نتائج کا اعلان 23 مئی کو کیا جائے گا تاہم تجزیہ کاروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ ماضی میں ایگزٹ پولز کے نتائج غلط بھی ثابت ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ ’ایگزٹ پولز‘ کی اصطلاح سے ان نتائج کے لیے استعمال کی جاتی ہے جو باقاعدہ اعلان سے قبل ووٹرز سے یہ پوچھ کر مرتب کیے جاتے ہیں کہ انہوں نے کس جماعت یا امیدوار کو ووٹ دیا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں انتخابات کا آخری مرحلہ مکمل

حالیہ انتخابات میں بی جے پی اور کانگریس پارٹی کو ایک دوسرے کے ساتھ ساتھ طاقتور علاقائی جماعتوں سے بھی سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تاہم بہت سے افراد نے ان عام انتخابات کو وزیراعظم مودی کا ریفرنڈم بھی قرار دیا۔

واضح رہے بھارت میں حکومت بنانے کے لیے ایک جماعت یا مختلف جماعتوں کے اتحاد کو 272 نشستیں درکار ہوتی ہیں۔

اب تک کیے جانے والے 4 ایگزٹ پولز میں بی جے پی کی سربراہی میں قائم اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کو کامیابی حاصل ہوتی دکھائی دے رہی ہے اور امکان یہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ کامیابی کی صورت میں انہیں 280 سے315 نشستیں مل سکتیں ہیں جو کانگریس سے کہیں زیادہ ہیں۔

تاہم نیلسن-اے بی پی نیوز کے کیے گیے سروے میں بی جے پی کے حصے میں 267 نشستیں آتی دکھائی دے رہی ہیں جو حکومت بنانے کے لیے درکار اکثریت سے بھی کم ہیں۔

مزید پڑھیں: بھارت: بی جے پی کے امیدوار کا 240 مقدمات کے ساتھ تاریخی مجرمانہ ریکارڈ

اس پیش گوئی کے ساتھ یہ امکان بھی ہے کہ پارٹی کو ریاست اتر پردیش میں بری طرح شکست ہوسکتی ہے جہاں سے کسی بھی ریاست سے اراکین اسلمبلی کی سب سے بڑی تعداد یعنی 80 اراکین راجیہ سبھا میں پہنچتے ہیں۔

2014 کے انتخابات میں اتر پردیش سے بی جے پی نے 71 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی لیکن نیلسن اے بی پی سروے کے مطابق اس بار وہ 2 طاقتور علاقائی جماعتوں کے مقابلے میں 51 نشستیں تک ہار سکتی ہے۔

بی جے پی کو اپنی جیت کا اتنا یقین ہے کہ سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے ایک کارٹون پوسٹ کیا جس میں نریندر مودی اپنے مخالفین کو پچھاڑتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

دوسری جانب مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی کا کہنا ہے کہ وہ ’ایگزٹ پولز اندازوں پر یقین نہیں رکھتیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: مغربی بنگال میں سیاسی ہنگامے، انتخابی مہم کا دورانیہ محدود

ان کا کہنا ہے کہ ’اس کھیل کے ذریعے ہزاروں الیکٹرونک ووٹنگ مشینوں میں ردو بدل کرنے یا انہیں تبدیل کردینے کا منصوبہ ہے، میں تمام اپوزیشن جماعتوں سے متحد رہنے کی درخواست کرتی ہوں، مضبوط اور ڈٹے رہیں، ہم اکٹھا یہ لڑائی لڑیں گے‘۔

علاوہ ازیں کانگریس پارٹی کے رہنما راہول گاندھی نے بھی ٹوئٹ کر کے الیکشن کمیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس نے سمجھوتہ کرلیا ہے۔

یاد رہے کہ بھارت میں انتخابات کا آغاز 11 اپریل کو ہوا تھا اور اس کا ساتواں اور آخری مرحلہ گزشتہ روز مکمل ہوگیا ہے۔

تقریباً 90 کروڑ ووٹرز کے ساتھ اسے دنیا میں جمہوریت کی سب سے وسیع مشق قرار دیا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں: بھارت میں 20 لاکھ ووٹنگ مشینیں غائب ہونے کا انکشاف

حالیہ انتخابات میں جو مسائل سب سے زیادہ ابھر کر سامنے آئے ان میں بے روزگاری، اور بھارت کا مالی بحران کا شکار ہونے کا خوف شامل تھا۔

نریندر مودی کی قیادت میں دنیا کی چھٹی بڑی معیشت کچھ حد تک اپنی ترقی کی رفتار کھو چکی ہے ، شرح نمو 7 فیصد جبکہ حکومتی رپورٹ کے مطابق بے روزگاری کی شرح 1970 کے بعد بلند ترین سطح پر ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024