نادیہ جمیل کا لے پالک بیٹا اب کیا کررہا ہے؟
پاکستان کی نامور اداکارہ نادیہ جمیل اپنے کیریئر کے ساتھ ساتھ فلاحی کاموں میں بھی بےحد سرگرم رہتی ہیں۔
جہاں پاکستان میں کئی خواتین کو بچوں کو گود لینے پر سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہیں اداکارہ نادیہ جمیل نے دو بچوں کو گود لے کر ایک نئی مثال قائم کردی تھی۔
گزشتہ سال نادیہ جمیل نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر مداحوں کو بتایا تھا کہ انہوں نے اینٹوں کے بھٹے پر کام کرنے والے بچے اور ایک اسٹریٹ چائلڈ کو گود لیا اور ان دونوں کو ایک بہتر اور خوشحال زندگی دینے کا فیصلہ کیا تھا۔
اداکارہ نے گود لیے اپنے دونوں بیٹوں آزاد اور صابر کو خدا کی جانب سے ملنے والا خوبصورت تحفہ ٹھہرایا تھا۔
اور اب ایک سال بعد اداکارہ نے مداحوں کو بتایا کہ ان کا بڑا بیٹا صابر اپنے کیریئر میں کہاں پہنچ چکا ہے۔
مزید پڑھیں: نادیہ جمیل کا نیا ڈرامہ چائلڈ میرج پر مبنی
نادیہ نے اپنی ایک ٹویٹ میں صابر کے ساتھ اپنی لائیو چیٹ کی تصاویر شیئر کیں۔
اس پر اداکارہ نے لکھا کہ 'یہ 4 سال کا تھا جب میں نے اسے اینٹوں کے بھٹے پر کام کرتے دیکھا تھا، آج یہ 15 سال کا ہے اور فوج میں انجینئر بننے کی تعلیم حاصل کررہا ہے'۔
نادیہ نے مداحوں سے گزارش کی کہ وہ ان کے بیٹے صابر کو دعاؤں میں یاد رکھیں جبکہ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ صابر ان کے لیے بےحد خاص ہے۔
اداکارہ نے یہ بھی بتایا تھا کہ ان کے چھوٹے بیٹے آزاد پر تشدد کیا گیا تھا اور اس کی زبان جلا دی گئی تھی جس کے باعث وہ بولنے کی صلاحیت سے محروم ہوگیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: برطانیہ میں پاکستانی اداکارہ کو نسل پرستی کا سامنا؟
اس کے باوجود آزاد نے ہمت ہارنے کے بجائے کوشش کی، جبکہ اداکارہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ محبت سے ہر بچے کے غم اور زخم کو بھرا جاسکتا ہے۔
اداکارہ کے مداحوں نے بھی سوشل میڈیا پر ان کے اس عمل کو خوب سراہا۔
کسی نے انہیں بہترین انسان کہا تو کسی نے دعا کی کہ ان کے بچوں کی تمام خواہشات پوری ہوں۔
کام کے حوالے سے بات کی جائے تو نادیہ اس وقت اپنے پروجیکٹ 'دام سا' میں مصروف ہیں، جس کی کہانی بچوں کی اسمگلنگ جیسے سماجی مسائل پر مبنی ہے۔
تبصرے (1) بند ہیں