• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کرکٹر آصف علی کی کینسر میں مبتلا بیٹی زندگی کی جنگ ہارگئی

شائع May 20, 2019 اپ ڈیٹ May 22, 2019
آصف علی کی بیٹی طویل عرصے سے بیمار تھیں — فائل فوٹو/پی ایس ایل
آصف علی کی بیٹی طویل عرصے سے بیمار تھیں — فائل فوٹو/پی ایس ایل

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بلے باز آصف علی کی کینسر میں مبتلا کمسن بیٹی علالت کے بعد دوران علاج انتقال کرگئیں۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق کرکٹر آصف علی کی بیٹی کو کینسر کا مرض لاحق تھا اور انہیں رواں برس اپریل میں علاج کے لیے امریکا منتقل کیا گیا تھا۔

ان کی امریکا منتقلی کی خبر 27 سالہ بلے باز آصف علی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر دی تھی اور بتایا تھا کہ ان کی بیٹی کو چوتھے درجے کا کینسر لاحق ہے جسے علاج کے لیے امریکا منتقل کردیا گیا۔

اپنے اس پیغام میں فوری ویزا جاری کرنے پر آصف علی نے امریکی سفارتخانے کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔

واضح رہے کہ جس دوران آصف علی کی بیٹی میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اس وقت وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2019 کے دوران اپنی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کر رہے تھے۔

اس دوران اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایک میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈین جونز آصف علی کی بیمار بیٹی کا تذکرہ کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے تھے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے آصف علی کی بیٹی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی بہادری سے متعلق کہا کہ ’آصف علی ہمارے لیے ایک مثال ہیں۔‘

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی کرکٹر آصف علی کی بیٹی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

انہوں نے آصف علی اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔

قومی کرکٹ ٹیم اور اسلام آباد یونائیٹڈ میں آصف علی کے ساتھی کھلاڑی شاداب خان نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’آصف اس مشکل وقت میں ہم سب آپ کے ساتھ ہیں'۔

ان کے علاوہ ٹیم منیجمنٹ، ساتھی کرکٹرز، قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں اور کرکٹ حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے آصف علی کی بیٹی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ دورہ انگلینڈ کے دوران کچھ کھلاڑیوں کی مایوس کن پرفارمنس کی وجہ سے آصف علی کی ورلڈکپ 2019 کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں شمولیت کا امکان ظاہر کیا جارہا تھا۔

بلاشبہ پاکستان کو دورہ انگلینڈ کے دوران شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن بیٹنگ کے شعبے میں دیگر کھلاڑیوں سمیت آصف علی کی کارکردگی بھی اطمینان بخش رہی تھی اور انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024