• KHI: Asr 4:14pm Maghrib 5:50pm
  • LHR: Asr 3:28pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:14pm Maghrib 5:50pm
  • LHR: Asr 3:28pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

22 سالہ لڑکی کے 'ریپ' میں ملوث ملزمان کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ

شائع May 19, 2019
رپورٹ کے مطابق ریپ متاثرہ لڑکی پر مقدمہ ختم کروانے کے لیے ملزمان کے اہل خانہ کی جانب سے دباؤ ڈالا جارہا ہے — فائل فوٹو/ اے ایف پی
رپورٹ کے مطابق ریپ متاثرہ لڑکی پر مقدمہ ختم کروانے کے لیے ملزمان کے اہل خانہ کی جانب سے دباؤ ڈالا جارہا ہے — فائل فوٹو/ اے ایف پی

راولپنڈی کی مقامی عدالت نے 22 سالہ لڑکی کے مبینہ طور پر ریپ کرنے کے الزام میں گرفتار 3 پولیس اہلکاروں سمیت 4 ملزمان کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے ملزمان کو ڈیوٹی جج جوڈیشل مجسٹریٹ کرن نشاط کے سامنے پیش کیا، جنہوں نے ملزمان کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

واضح رہے کہ پولیس نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ برآمدگی اور ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے ملزمان کا 8 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے۔

پولیس نے بتایا تھا کہ ملزمان اور متاثرہ لڑکی کا ڈی این اے ٹیسٹ بھی کروانا ہے، جس کے لیے وقت درکار ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزمان کے والدین نے لڑکی کے والدین سے رابطہ کیا اور ان سے ملزمان کو معاف کرنے اور کیس ختم کرنے کی درخواست کی اور ساتھ ہی رقم کی فراہمی کی پیش کش بھی کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی: 22 سالہ لڑکی کے 'ریپ' میں ملوث 3 پولیس اہلکار گرفتار

علاوہ ازیں رپورٹس میں کہا گیا کہ متاثرہ لڑکی اور ان کے اہل خانہ کو مقدمہ ختم کرنے کے لیے دباؤ کا سامنا ہے۔

گذشتہ روز راولپنڈی میں 22 سالہ لڑکی کا مبینہ طور پر ریپ کرنے والے 3 پولیس اہلکاروں سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق روات پولیس نے 22 سالہ لڑکی کی مدعیت میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت 4 ملزمان کے خلاف ریپ کا مقدمہ درج کرکے ایس ایس پی انویسٹی گیشن فیصل کو براہ راست مقدمے کی تفتیش کا حکم دیا تھا۔

مدعیہ نے الزام لگایا تھا کہ پولیس اہلکاروں محمد نصیر، راشد منہاس اور محمد عظیم کے دوست عامر نے ان کا ریپ کیا تھا۔

مزید پڑھیں: کراچی: گینگ ریپ میں ملوث 4 ملزمان جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

واقعے کے حوالے سے فراہم کی گئی تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی مشہور نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے فیز 8 کی سڑک پر 3 پولیس اہلکاروں نے اپنے دوست کے ساتھ مل کر لڑکی کا ریپ کیا تھا اور لڑکی سے 30 ہزار روپے نقدی اور سونے کی انگوٹھی بھی چھین لی تھی۔

بعد ازاں ملزمان نے متاثرہ لڑکی کو کمرشل مارکیٹ میں ان کے ہاسٹل کے پاس چھوڑا اور فرار ہو گئے۔

سی پی او راولپنڈی کیپٹن (ر) فیصل رانا نے واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف درخواست دینے پر تینوں اہلکاروں کو معطل کر کے گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے جس کے بعد ڈی ایس پی صدر بیرونی پولیس نے تینوں پولیس اہلکاروں سمیت چاروں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ 22 سالہ لڑکی کے ریپ کا مقدمہ تو درج کر لیا گیا ہے لیکن میڈیکل رپورٹ کے بعد ہی ریپ کی تصدیق کی جاسکے گی۔

یہ بھی پڑھیں: 'ریپ میں ملوث' سی ڈی اے کے 2 ملازمین برطرف

مدعیہ کے مطابق وہ کمرشل مارکیٹ کے گرلز ہاسٹل میں رہائش پذیر ہے اور 15 مئی کو اپنے دوست عمیر اعظم کے ساتھ کار نمبر AD154 پر سحری اور سیر و تفریح کرنے نجی ہاوسنگ سوسائٹی گئی تھی جہاں رات 2 بجے ایک کار نمبر ADB332 ان کے پاس آکر رکی، جس میں 4 افراد سوار تھے۔

متاثرہ لڑکی کا کہنا تھا کہ ان چاروں نے اسلحہ کے زور پر لڑکی کو اپنی گاڑی میں بٹھایا اور ان کے دوست کو وہاں سے بھاگ جانے کو کہا، جس کے بعد چاروں افراد لڑکی کو سڑک کے کنارے لے گئے اور گاڑی میں ان کا ریپ کیا۔

اس سلسلے میں جب ڈان نیوز نے تھانہ روات کے اسٹیشن ہاﺅس آفیسر (ایس ایچ او) راجہ اعزاز عظیم سے بات کی تو ان کا کہنا تھا کہ مدعیہ کال سینٹر میں کام کرتی ہے اور ان کا ریپ کرنے والے ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: خاتون کے ساتھ ریپ کا الزام، اے ایس آئی گرفتار

انہوں نے مزید بتایا تھا ابتدائی طور پر میڈیکل کرا لیا گیا ہے اور مدعیہ کے جسم پر کاٹنے کے واضح نشانات موجود ہیں تاہم ڈی این اے رپورٹ ملنے کے بعد ہی معلوم ہوسکے گا کہ آیا لڑکی کا ریپ ہوا یا نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024