• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بھارت: کانگریس کو ووٹ دینے پر 'بی جے پی' رہنما کا کزن پر قاتلانہ حملہ

شائع May 15, 2019
راجا سنگھ کو ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی — فائل فوٹو
راجا سنگھ کو ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی — فائل فوٹو

بھارت کی ریاست ہریانہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما نے لوک سبھا انتخابات میں اپوزیشن جماعت کانگریس کو ووٹ دینے پر اپنے ہی کزن کو فائرنگ کرکے شدید زخمی کر دیا۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہریانہ کے ضلع جَھجر میں بی جے پی رہنما دھرمندر سیلانی نے غیر لائسنس شدہ ہتھیار سے اپنے کزن راجا سنگھ پر فائرنگ کی جس سے انہیں دو گولیاں ٹانگوں اور ایک پیٹ میں لگی۔

راجا سنگھ کو ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی۔

پولیس نے دھرمندر سیلانی کے خلاف اقدام قتل اور آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا تاہم وہ واقعے کے بعد سے فرار ہیں۔

دھرمندر سیلانی بہادر گڑھ سِوک باڈی کے سابق رکن اور بی جے پی کے مَندل یونٹ کے عہدیدار ہیں۔

ان کے بڑے بھائی ہریندر سنگھ، کانگریس کے مقامی رہنما اور سابق کونسلر ہیں۔

واقعے کی ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ دھرمندر سیلانی نے راجا سنگھ اور ان کے خاندان کو بی جے پی کو ووٹ ڈالنے کا کہا تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ راجا سنگھ نے ووٹ ڈالنے کے لیے 'بی جے پی' کے بجائے کانگریس کا انتخاب کیا اور اس کے امیدوار کو ووٹ دیا۔

پولیس نے کہا کہ اتوار کی رات کو بھی دھرمندر سیلانی اور راجا سنگھ کے درمیان معاملے پر جھگڑا ہوا تھا۔

واضح رہے کہ بھارت کے ایوان زیریں کے 17ویں انتخابات کے 6 مراحل مکمل ہو چکے ہیں اور چھٹے مرحلے میں اتوار کو دارالحکومت دہلی اور دیگر 6 ریاستوں کی 59 نشستوں کے لیے ووٹ ڈالے گئے تھے۔

دیگر 60 نشستوں پر انتخابات کا ساتواں اور آخری مرحلہ 19 مئی کو ہوگا۔

بھارتی انتخابات میں مرحلہ وار پولنگ کا پہلا سلسلہ 11 اپریل کو ہوا تھا، جس میں 20 ریاستوں اور وفاقی انتظامی علاقوں کی 91 نشستوں پر ووٹنگ ہوئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024