کراچی: ڈیفنس میں گھر کے باہر سے نوجوان لڑکی اغوا
کراچی کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) میں ایک نوجوان لڑکی کو اس کی رہائش گاہ کے باہر سے 4 مسلح ملزمان نے اغوا کرلیا۔
پولیس کے مطابق اغوا کی یہ واردات اغوائے برائے تاوان کے لیے کی گئی ہے۔
درخشاں پولیس تھانے کے افسر نے بتایا کہ 20 سالہ لڑکی اتوار کے روز اپنے کزن اور دیگر افراد کے ہمراہ دوپہر ایک بجے ڈیفنس میں سڑک کنارے قائم ایک ریسٹورنٹ میں چائے پینے گئی تھی۔
جس کے بعد وہ خود اس مقام سے کار چلا کر اپنے گھر کی طرف آئیں جبکہ ڈرائیور برابر والی سیٹ پر بیٹھا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: ہسپتال کے باہر سے 16 سالہ لڑکی اغوا
جیسے ہی وہ گھر کے قریب پہنچیں اور ڈرائیور کار کا دروازہ کھولنے کے لیے گاڑی سے اترا، اسی اثنا میں ایک کار میں سوار 4 مسلح ملزمان نمودار ہوئے اور ڈرائیور کو چیخ کر دروازہ نہ کھولنے کا کہا۔
جس پر ڈرائیور خوفزدہ ہو کر یہ سمجھا کہ ڈاکو آگئے جس کے بعد اس نے کسی طرح گھر میں داخل ہو کر اہلِ خانہ کو آگاہ کیا۔
جب تک اہلِ خانہ گھر کے دروازے پر پہنچے مسلح افراد لڑکی کو لے کر جاچکے تھے جس کا اب تک کچھ پتہ نہیں چل سکا۔
پولیس افسر نے واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اغوا کی یہ واردات اتوار کے روز رات کو تقریباً ایک بج کر 45 منٹ پر کی گئی۔
اس ضمن میں ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ضلع جنوب نے بتایا کہ چونکہ اہلِ خانہ کو تاوان کے لیے کال موصول ہوئی ہے، اس لیے پولیس اس کیس کو اغوا برائے تاوان کا کیس کی طرح دیکھ رہی ہے۔
یہ بھی دیکھیں: کراچی میں 5 سالہ بچی کا اغوا کار پکڑا گیا
واضح رہے کہ مذکورہ لڑکی تعمیراتی شعبے سے وابستہ شخص کی بیٹی ہے۔
اس حوالے سے درخشاں تھانے کے پولیس افسر نے مزید بتایا کہ لڑکی کے اہلِ خانہ نے واقعے کے بارے میں پولیس کو آگاہ ضرور کیا لیکن اب تک اغوا کی باقاعدہ ایف آئی آر (فرسٹ انفارمیشن رپورٹ) درج نہیں کروائی۔
خیال رہے کہ پولیس نے جائے واردات کی کلوز سرکٹ کیمرا (سی سی ٹی وی) فوٹیج حاصل کرلی ہے اور متاثرہ لڑکی اور اغوا کاروں کا سراغ لگانے کے لیے کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔
یہ خبر 14 مئی 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔