• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستان سمیت دنیا بھر میں ماؤں سے محبت کے اظہار کا عالمی دن

شائع May 12, 2019
مختلف شعبہ ہائے فکر سے وابستہ شخصیات نے  ’ مدرز ڈے ‘ کے موقع پر اپنی والدہ کو خراج تحسین پیش کیا — فوٹو: شٹراسٹاک
مختلف شعبہ ہائے فکر سے وابستہ شخصیات نے ’ مدرز ڈے ‘ کے موقع پر اپنی والدہ کو خراج تحسین پیش کیا — فوٹو: شٹراسٹاک

پاکستان سمیت دنیا بھر کے متعدد ممالک میں ماؤں سے محبت کے اظہار کا عالمی دن ’ مدرز ڈے ‘ منایا جارہا ہے۔

ماؤں سے محبت کے اظہار کا عالمی دن منانے کا مقصد اس عظیم اور مقدس رشتے کی اہمیت کا احساس کرنا، ماں کی بے لوث محبت کا اعتراف اور انہیں خراج تحسین پیش کرنا ہے۔

ماں ایک ایسی ہستی ہے جو زندگی کے تمام دکھوں اور مصیبتوں کو اپنے آنچل میں چھپا لیتی ہے، ماں کا دنیا میں کوئی متبادل نہیں ہے۔

ویسے تو ہر دن ماں کا ہی دن ہوتا ہے، عالمی طور پر ماؤں کے عالمی دن کی کوئی متفقہ تاریخ نہیں اسی لیے یہ دن مختلف ممالک میں مختلف تاریخوں کو منایا جاتا ہے۔

پاکستان سمیت اکثر ممالک میں ماؤں کا عالمی دن مئی کے دوسرے اتوار کو منایا جاتا ہے جبکہ کئی ممالک میں سال کے دیگر مہینوں میں یہ دن منایا جاتا ہے۔

سماجی روابط کی ویب سائٹس پر اس دن کی مناسبت سے ماں تجھے سلام کا ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ کررہا ہے جبکہ مدرز ڈے، ہیپی مدر ڈے کے ہیش ٹیگز بھی ٹرینڈ کررہے ہیں۔

دنیا بھر کے اکثر ممالک کی طرح پاکستان میں سیاسی، سماجی، شوبز، کھیل سے وابستہ شخصیات نے ’ مدرز ڈے ‘ کے موقع پر اپنی والدہ کو خراج تحسین پیش کیا۔

مدرز ڈے کے موقع پر پاک فوج کے ترجمان ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام دیتے ہوئے تمام ماؤں بالخصوص شہدا کی ماؤں کو سلام پیش کیا۔

میجر جنرل آصف غفور نے لکھا کہ ‘ ماں صرف ایک مادی رشتے کا نام نہیں ہے، اگر ایسا ہوتا تو ان کے جانے سے یہ رشتہ ختم ہوجاتا۔ماں نام ہے پیار، خیال، حفاظت اور بے لوث ہونے جیسے لافانی احساسات کا، تمام ماؤں بالخصوص ہمارے بہادر شہدا کی بہادر ماؤں کو سلام‘۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ(ن) کی رہنما مریم نواز نے بھی سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی مرحوم والدہ کلثوم نواز کی تصویر شیئر کی اور ساتھ ہی ایک پیغام لکھا۔

مریم نواز نے لکھا کہ ’ ماں کا بھی کوئی دن ہوتا ہے؟ ماں کے بغیر کوئی دن، دن نہیں ہوتا!‘۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور محترمہ بینظیر بھٹو کے صاحبزاے بلاول بھٹو زرداری نے والدہ کے ساتھ بچپن کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ ’ ماں کے قدموں تلے جنت ہے‘۔ تمام ماؤں کو عالمی دن مبارک ہو۔

سینیٹر مرتضیٰ وہاب نے مدرز ڈے کے موقع پر اپنی والدہ کو ماؤں کے عالمی دن کی مبارک باد دی اور لکھا کہ میری والدہ، میری اہلیہ سمیت تمام عظیم ماؤں کو مدرز ڈے کی مبارکباد، آپ کو ہر لمحہ یاد کرتا ہوں‘۔

سینئر صحافی سلیم صافی نے بھی ماؤں کے عالمی دن پر ٹوئٹ کیا کہ ’ اے خدا میری اماں سلامت رہیں، آمین‘۔

فاسٹ بولر وہاب ریاض نے بھی مدرز ڈے کے موقع پر اپنی والدہ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ میں جانتا ہوں کہ ایک دن کافی نہیں ہے جو آپ ہمارے لیے کرتی ہیں لیکن میں اسے یہ بتائے بغیر جانے نہیں دوں گا کہ آپ میرے دل کی ملکہ ہیں‘۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی عمر اکمل نے اپنی والدہ کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ ’ مس یو امی’۔

کامیڈین، موسیقار علی گل پیر نے بھی ماں کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

انہوں نے لکھا کہ ’ میں ایسی والدہ کو پاکر خوش قسمت ہوں جنہوں نے ہمیشہ مجھ پر یقین کیا، وہ تعلیم یافتہ نہیں ہیں لیکن میرے لیے علم اور دانائی کا عظیم ذریعہ ہیں‘۔

ماڈل آمنہ بابر نے انسٹاگرام پر ایک مختصر پوسٹ میں اپنی والدہ کو خراج تحسین پیش کیا۔

آمنہ بابر نے لکھا کہ ’ جو کچھ آپ نے ہمارے لیے کیا اس کا شکریہ‘۔

ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل نے بھی ماں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس حوالے سے ڈوڈل جاری کیا ہے۔

— فوٹو: اسکرین شاٹ
— فوٹو: اسکرین شاٹ

اس ڈوڈل میں بطخ کو بارش کے وقت اپنے بچوں کو پروں میں چھپاتے ہوئے دکھایا گیا ہے کہ ماں اسی طرح اپنے بچوں کو ہر قسم کی مشکلات سے بچانے کی کوشش کرتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024