• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

بھارت میں انتخابات کا چھٹا مرحلہ: دہلی سمیت 7 ریاستوں کی 59 نشستوں پر پولنگ

شائع May 12, 2019
چھٹے مرحلے میں 10 کروڑ 17 لاکھ سے زائد افراد اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے — فوٹو: اے ایف پی
چھٹے مرحلے میں 10 کروڑ 17 لاکھ سے زائد افراد اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے — فوٹو: اے ایف پی

بھارت میں لوک سبھا (ایوان زیریں) کے 17 ویں انتخابات کے چھٹے مرحلے میں آج (بروز اتوار) کو دارالحکومت دہلی اور 6 ریاستوں کی 59 نشستوں پر پولنگ کا عمل جاری ہے۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایک ارب 30 کروڑ آبادی والے ملک میں 6 ہفتوں پر محیط طویل انتخابات کے چھٹے مرحلے میں جاری ووٹنگ میں 10 کروڑ 17 لاکھ سے زائد افراد اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

لوک سبھا کی 543 نشستوں میں سے 483 پر ووٹنگ کا عمل مکمل ہوجائے گا جس کے بعد دیگر 60 نشستوں پر انتخابات کا ساتواں اور آخری مرحلہ 19 مئی کو ہوگا۔

انتخابات کے چھٹے مرحلے میں بھارتی دارالحکومت دہلی کے ساتھ ساتھ جن ریاستوں میں پولنگ جاری ہے ان میں بہار، ہریانہ، جھار کھنڈ، مدھیہ پردیش، اتر پردیش اور مغربی بنگال شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: بھارتی انتخابات کا پانچواں مرحلہ: 7 ریاستوں کی 51 نشستوں پر پولنگ

لوک سبھا کے چھٹے مرحلے میں دہلی کی 7، اترپردیش کی 14، ہریانہ کی 10، بہار، مدھیہ پردیش اور مغربی بنگال کی 8 اور جھاڑکھنڈکی 4 نشستوں پر پولنگ کا عمل جاری ہے۔

چھٹے مرحلے میں بھارتی ریاست اتر پردیش کے علاقوں پھول پور اور گورکھ پور کی نشستوں پر مقابلہ اہمیت کا حامل ہے جہاں بی جے پی کی حکومت کے باوجود گزشتہ برس ہونے والے ضمنی انتخابات میں بہوجن سماج پارٹی نے کامیابی حاصل کی تھی۔

دارالحکومت دہلی میں بی جے پی، عام آدمی پارٹی اور کانگریس کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے، جس میں سابق وزیر اعلیٰ شیلا ڈکشت، یونین منسٹر ہرش وردن، سابق اولمپیئن باکسر وجیندر سنگھ اور سابق کرکٹر گوتم گھمبیر بھی مدمقابل ہیں۔

دہلی میں ناخوشگوار واقعات کے پیش نظر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور اس موقع پر پیراملٹری فورسز سمیت مجموعی طور پر 60 ہزار اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب مغربی بنگال میں ترینامول کانگریس، بھارتیہ جنتا پارٹی، کانگریس اور لیفٹ فرنٹ جماعت کے درمیان سخت مقابلہ جاری ہے۔

مغربی بنگال کے 15 ہزار 4 سو 28 پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے تمام انتظامات مرکزی پیراملٹری فورسز نے سنبھالے ہوئے ہیں۔

چھٹے مرحلے میں 59 نشستوں پر جاری ووٹنگ کے ساتھ ساتھ تری پورہ میں 168 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا عمل بھی جاری ہے۔

بھارتی الیکشن کمیشن نے 11 اپریل کو پہلے مرحلے میں ووٹنگ کے دوران شکایات کے باعث دوبارہ پولنگ کا حکم دیا تھا۔

بھارتی انتخابات کی مرحلہ وار پولنگ

واضح رہے کہ بھارتی انتخابات میں مرحلہ وار پولنگ کا پہلا سلسلہ 11 اپریل کو ہوا تھا، جس میں 20 ریاستوں اور وفاقی انتظامی علاقوں کی 91 نشستوں پر ووٹنگ ہوئی تھی۔

اس مرحلے میں 14 کروڑ 20 لاکھ سے زائد افراد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل تھے۔

انتخابات کے پہلے روز پولنگ کے دوران پرتشدد واقعات بھی رونما ہوئے جن میں 7 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

اسی طرح دوسرے مرحلے کے سلسلے میں پولنگ 18 اپریل کو ہوئی تھی جس میں 12 ریاستوں کی 95 نشستوں پر ووٹنگ ہوئی، جہاں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 15 کروڑ 50 لاکھ تھی۔

اس مرحلے میں جن ریاستوں میں ووٹنگ ہوئی اُن میں آسام، بہار، چھتیس گڑھ، مقبوضہ کشمیر، کرناٹک، مہاراشٹر، مانی پور، اوڈیشا، اتر پردیش، مغربی بنگال، پودوچھری شامل تھے۔

بھارتی انتخابات کا تیسرا مرحلہ 23 اپریل کو ہوا تھا، جہاں نریندر مودی کے حلقے سمیت 15 ریاستوں کی کل 117 نشستوں پر پولنگ ہوئی تھی۔

اس مرحلے میں بھارت کی 15 ریاستوں میں 18 کروڑ 80 لاکھ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی انتخابات کا چوتھا مرحلہ: 9 ریاستوں کی 72 نشستوں پر پولنگ

انتخابات کا چوتھا مرحلہ 29 اپریل کو منعقد ہوا تھا جس میں 9 ریاستوں کی 72 نشستوں پر پولنگ ہوئی تھی۔

تاہم چوتھے مرحلے میں مغربی بنگال میں ہونے والے انتخاب فسادات کی نذر ہوگئے تھے اور بی جے پی نے دوبارہ انتخابات کروانے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

انتخابات کا پانچواں مرحلہ 6 مئی کو منعقد ہوا تھا جس میں 7 ریاستوں کی 51 نشستوں پر ووٹنگ میں 8 کروڑ 70 لاکھ سے زائد افراد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا تھا۔

بھارت میں جاری انتخابات کے ووٹوں کی گنتی کا عمل 23 مئی کو شروع ہوگا اور اسی روز نتائج کا اعلان بھی کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024