• KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm
  • KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm

جعلی اکاؤنٹس کیس: آصف زرداری کی عبوری ضمانت منظور

شائع May 9, 2019
اسلام آباد ہائی کورٹ نے ابتدائی سماعت کے بعد 5 لاکھ روپے کے عوض آصف زرداری کی ضمانت منظور کی — فائل فوٹو/ڈان نیوز
اسلام آباد ہائی کورٹ نے ابتدائی سماعت کے بعد 5 لاکھ روپے کے عوض آصف زرداری کی ضمانت منظور کی — فائل فوٹو/ڈان نیوز

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں عبوری ضمانت دے دی۔

سابق صدر نے نجی کمپنیوں کو غیر قانونی ٹھیکے دینے کے کیس میں عبوری ضمانت کے لیے عدالت عالیہ میں درخواست دائر کی تھی جس میں بیان قلمبند کروانے کے لیے انہیں پہلے ہی قومی احتساب بیورو (نیب) نے آج (9 مئی) کو طلب کر رکھا ہے۔

اپنی درخواست میں آصف زرداری نے موقف اختیار کیا کہ نیب نے انہیں سندھ حکومت کے شعبہ اسپیشل انیشی ایٹو سے ایم/ایس ہارش کمپنی اور دیگر کو ٹھیکے دینے کے معاملے میں بیان قلمبند کروانے اور دستاویزات تیار کرنے کے لیے 6 مئی کو طلب کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: نیب نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں 5واں ریفرنس دائر کردیا

نوٹس کے مطابق تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ کراچی کے علاقے ناظم آباد میں سندھ بینک کی گول مارکیٹ برانچ میں ایم /ایس رائل انٹرنیشنل کے عنوان سے ایک فرضی اکاؤنٹ قاسم علی کے نام پر کھلوایا گیا جو اومنی گروپ کا ایک ملازم تھا۔

تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ مندرجہ بالا اکاؤنٹ سے جون/جولائی 2015 میں غیر قانونی طریقے سے 74 لاکھ 50 ہزار روپے کی رقم عبدالندیم بھٹو کے اکاؤنٹ میں جمع کروائی گئی جو لاڑکانہ میں بھٹو خاندان کے آبائی گھر نوڈیرو ہاؤس کے انچارج تھے۔

اس حوالے سے یہ دعویٰ کیا گیا کہ مذکورہ رقم کو نوڈیرو ہاؤس کے اخراجات کے ادائیگی کے لیے استعمال کیا گیا۔

اس ضمن میں آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل کے خلاف کیس بے بنیاد ہے اور نیب ان کو ہراساں، بدنام کرنا اور انہیں سیاسی طور پر نشانہ بنانا چاہتا ہے۔

مزید پڑھیں: آصف زرداری، بلاول بھٹو کی نیب راولپنڈی میں ایک مرتبہ پھر طلبی

آصف زرداری کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ’اس وقت درخواست گزار کو معلوم نہیں کہ ان کے خلاف کتنے کیسز رجسٹرڈ ہیں اور انہیں طلبی کے کتنے نوٹس بھیجے جائیں گے یا ان کے خلاف نیب کتنے ریفرنس دائر کروائے گا'۔

درخواست کے مطابق اب تک طلبی کے 4 نوٹس دیے جاچکے ہیں اور ممکن ہے کہ جب درخواست گزار نیب حکام کے سامنے پیش ہوں تو انہیں گرفتار کرلیا جائے۔

جس کے بعد جسٹس امیر فاروق اور جسٹس محسن اختر پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے بینج نے ابتدائی سماعت کے بعد 5 لاکھ روپے کے عوض آصف زرداری کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔

دوسری جانب جعلی اکاؤنٹس کیس میں اسی بینچ نے سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی بھی عبوری ضمانت میں 21 مئی تک کے لیے توسیع کردی۔

یہ بھی پڑھیں: جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب کی ایک اور اہم گرفتاری

واضح رہے کہ قائم علی شاہ کا نام جعلی اکاؤنٹس کی تفتیش کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹ میں شامل تھا اور وہ ان 172 افراد میں بھی شامل تھے جن کے بیرونِ ملک سفر پر پابندی ہے انہیں نیب نے ٹھٹھہ اور دادو شوگر ملز کی تحقیقات کے لیے طلب کیا تھا۔


یہ خبر 9 مئی 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024