• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

گوگل کے مڈرینج پکسل اسمارٹ فونز متعارف

شائع May 8, 2019
پکسل تھری اے اور تھری اے ایکس ایل — فوٹو بشکریہ دی ورج
پکسل تھری اے اور تھری اے ایکس ایل — فوٹو بشکریہ دی ورج

گوگل کے فلیگ شپ فونز پکسل 3 اور پکسل 3 ایکس ایل فونز کے بارے میں لگ بھگ ہر ایک 2 چیزوں پر اتفاق کرتے ہیں، ایک تو یہ کہ ان کا کیمرا سسٹم زبردست ہے (خصوصاً نائٹ سائٹ موڈ) اور دوسری یہ ڈیوائسز بہت زیادہ مہنگی ہیں (799 ڈالرز اور 899 ڈالرز)۔

یہی وجہ ہے کہ اب گوگل نے اپنے فلیگ شپ فونز کے سستے ورژن پکسل 3 اے اور پکسل 3 اے ایکس ایل متعارف کرادیئے ہیں جن میں بیشتر فیچر پکسل 3 جیسے ہی ہیں بشمول بہترین کیمرا سسٹم مگر قیمت کے لحاظ سے یہ کافی سستے ہیں۔

گوگل نے پکسل 3 اور پکسل 3 ایکس ایل کو میٹل اور گلاس سے تیار کیا تھا جبکہ پکسل 3 اے اور 3 اے ایکس ایل پلاسٹک سے بنائے گئے ہیں مگر ان کا ڈیزائن فلیگ شپ فونز جیسا ہی ہے جبکہ پلاسٹک باڈی ہونے کے باوجود اس میں گوگل اسسٹنٹ کے لیے اسکیوز کا فیچر برقرار رکھا گیا ہے۔

پکسل تھری اے 5.6 انچ ڈسپلے کے ساتھ ہے جبکہ پکسل تھری اے ایکس ایل میں 6 انچ اسکرین دی گئی ہے، یہ دونوں ڈسپلے او ایل ای ڈی پینل والے ہیں جبکہ نوچ نہیں دیا گیا۔

جہاں تک ہارڈوئیر کی بات ہے تو دونوں میں مڈرینج کوالکوم اسنیپ ڈراگون 670 پراسیسر دیا گیا ہے جبکہ 4 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے، مگر گوگل نے دونوں میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ سلاٹ نہیں دی۔

پکسل تھری اے اور تھری اے ایکس ایل میں بالترتیب 3000 اور 3700 ایم اے ایچ بیٹریاں دی گئی ہیں اور گوگل کا دعویٰ ہے کہ مکمل چارج پر یہ بیٹریاں ڈیڑھ دن تک کام کرسکتی ہیں، مگر اس کا انحصار صارف کے استعمال پر ہے۔

دونوں میں کوئیک چارجنگ سپورٹ دی گئی ہے اور 15 منٹ میں 7 گھنٹے تک استعمال کے قابل بیٹری لائف حاصل کرنا ممکن ہے مگر وائرلیس چارجنگ کا آپشن موجود نہیں جو فلیگ شپ پکسل تھری فونز میں دیا گیا۔

فوٹو بشکریہ گوگل
فوٹو بشکریہ گوگل

فلیگ شپ پکسل تھری کے برعکس دونوں میں ہیڈفون جیک بھی دیا گیا ہے۔

دونوں فونز کے بیک پر 12.2 میگا پکسل سنگل کیمرا ایف 1.8 آپرچر کے ساتھ دیا گیا ہے جبکہ فرنٹ پر 8 میگا پکسل سیلفی کیمرا موجود ہے۔

پکسل تھری کے تمام کیمرا موڈ جیسے پورٹریٹ موڈ، ٹاپ شاٹ، موشن آٹو فوکس، سپر ریزولوشن زوم، نائٹ سائٹ اور فوٹو بوتھ ان مڈرینج فونز میں بھی موجود ہیں جبکہ نیا ٹائم لیپ ویڈیو موڈ بھی دیا گیا ہے۔

پکسل تھری اے کی قیمت 399 ڈالرز جبکہ پکسل تھری اے ایکس ایل کی قیمت 479 ڈالرز رکھی گئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024