• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

جہلم: مسافر وین میں آتشزدگی، 8 مسافر جھلس کر جاں بحق

شائع May 6, 2019
ریسکیو 1122 انچارج کے مطابق جھلس کر جاں بحق ہونے والے مسافروں کی شناخت بہت مشکل ہے — فوٹو: ڈان نیوز
ریسکیو 1122 انچارج کے مطابق جھلس کر جاں بحق ہونے والے مسافروں کی شناخت بہت مشکل ہے — فوٹو: ڈان نیوز

پنجاب کے شہر جہلم میں مسافر وین میں گیس سیلنڈر پھٹنے سے آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 8 مسافر جھلس کر جاں بحق اور دیگر 8 شدید زخمی ہوگئے۔

واقعہ سوہاوہ کے قریب بکڑالہ پل کے مقام پر گجرانوالہ سے راولپنڈی جانے والی مسافر بس میں پیش آیا، جس میں معجزانہ طور پر 3 مسافر محفوظ رہے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 اور پولیس سمیت ضلعی انتظامیہ کے افسران موقع پر پہنچے لیکن اندھیرے کی وجہ سے ریسکیو اہلکاروں کو امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مزید پڑھیں: ملتان: زائرین کی وین میں آتشزدگی،5 افراد جاں بحق

ریسکیو عملے نے وین ڈرائیور سمیت زخمی ہونے والے متعدد مسافروں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سوہاوہ اور سول ہسپتال جہلم منتقل کیا جن میں سے 2 زخمیوں کو طبی امداد دے کر ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے جبکہ ڈرائیور سمیت 3 مسافر سول ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

ریسکیو 1122 کے انچارج ڈاکٹر فیصل کے مطابق جھلس کر جاں بحق ہونے والے مسافروں کی شناخت بہت مشکل ہے۔

ادھر ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے بتایا کہ تمام لاشوں کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جن کی شناخت میں مشکلات کا سامنا ہے، اگر کسی کا عزیز گجرانوالہ سے راولپنڈی کی جانب سفر کر رہا تھا اور وہ گھر نہیں پہنچا تو اس کے اہل خانہ سول ہسپتال جہلم سے رابطہ کریں۔

بعد ازاں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مسافر بس میں آتشزدگی سے 8 افراد کی ہلاکت کا نوٹس لے لیا۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی: مسافر وین ٹرالر سے جا ٹکرائی، جھلس کر 14 افراد ہلاک

خیال رہے کہ گذشتہ روز ضلع جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں القادر یونیورسٹی کے سنگ بنیاد کی تقریب منعقد ہوئی تھی جس میں وزیراعظم عمران خان، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وفاقی اور صوبائی وزرا نے شرکت کی تھی۔

30 اپریل 2019 کو سرگودھا سے اسلام آباد آنے والی تیز رفتار مسافر ویگن اسلام ٹول پلازہ پر حادثے کا شکار ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں 12 مسافر جاں بحق جبکہ 6 شدید زخمی ہوگئے تھے۔

یادرہے کہ 2017 میں عید الفطر سے ایک روز قبل بہاولپور کے علاقے احمد پور شرقیہ میں قومی شاہراہ پر پاکستان کی تاریخ کا سب سے دلخراش سانحہ پیش آیا جب ایک آئل ٹینکر میں آگ لگنے کے نتیجے میں 200 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024