• KHI: Zuhr 12:37pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:08pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:13pm Asr 5:12pm
  • KHI: Zuhr 12:37pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:08pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:13pm Asr 5:12pm

شام ادریس اور اہلیہ فروگی پر کراچی میں حملہ

شائع May 7, 2019 اپ ڈیٹ May 11, 2019
شام اور فروگی اپنے مداحوں سے ملنے کے لیے کراچی میں موجود تھے —فوٹو/ انسٹاگرام
شام اور فروگی اپنے مداحوں سے ملنے کے لیے کراچی میں موجود تھے —فوٹو/ انسٹاگرام

پاکستانی نژاد کینیڈین یوٹیوب اسٹار شام ادریس اپنی اہلیہ سحر عرف فروگی کے ہمراہ کراچی کے ایک مال میں موجود تھے جہاں ان پر حملہ ہوا۔

شام کی اہلیہ فروگی نے اپنے یوٹیوب پر جاری ایک ویڈیو میں بتایا کہ وہ اپنے شوہر کے ساتھ مال میں مداحوں سے ملاقات کرنے کے لیے موجود تھیں جب ایک لڑکے نے ان کے منہ پر مکا مارا جس کے بعد وہ وہاں سے بھاگ گیا۔

فروگی نے مزید بتایا کہ وہ اس واقعے کے بعد بہت زیادہ خوفزدہ ہوچکی ہیں۔

انہوں نے اپنی ویڈیو میں الزام لگایا کہ ان پر یہ حملہ ایک اور یوٹیوبر ڈکی (سعد) اور ان کے مداحوں نے کیا۔

مزید پڑھیں: معروف سوشل میڈیا اسٹار شام ادریس رشتہ ازدواج میں منسلک

اس واقعے کی ایک اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، جس میں شام ادریس ایک شخص کے پیچھے بھاگ رہے ہیں، جبکہ وہ اس دوران غصے میں یہ بھی کہتے نظر آئے ’لڑکی پر ہاتھ اٹھانے والے بےغیرت‘، جبکہ انہوں نے یہ بھی کہا ’لڑکی کو مکا مارتا ہے‘۔

اگر شام ادریس اور ڈکی بھائی کے درمیان جاری تنازع کی بات کی جائے تو اس کا آغاز گزشتہ برس ہوا تھا، جب ڈکی نے شام ادریس سے متعلق ایک ویڈیو ریلیز کی تھی جس میں انہوں نے شام کا مذاق اڑایا تھا۔

خیال رہے کہ یوٹیوبر سعد الرحمٰن جو ڈکی بھائی کے نام سے مشہور ہیں وہ شروع سے ہی اس قسم کی ویڈیوز بناتے ہیں جس میں دوسرے یوٹیوبرز کا مذاق اڑایا جاتا ہے، اور وہ شام سے قبل کئی اور یوٹیوبرز کے حوالے سے بھی ایسی ویڈیوز بناچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شام ادریس کی اہلیہ ماں بننے کی خواہاں، کامیڈین زید علی کی تنقید

ڈکی نے شام پر الزام عائد کیا کہ انہیں یہ ویڈیو پسند نہیں آئی، جس کے بعد شام نے ان کا فیس بک فین پیج ڈیلیٹ کروا دیا۔

اس کے بعد شام نے اپنی ایک ویڈیو میں دیگر یوٹیوبرز کو ’چھوٹا‘ قرار دیا تھا، جس کے بعد شام کے خلاف تمام یوٹیوبرز سامنے آگئے۔

معاملہ اس وقت زیادہ سنجیدہ ہوگیا جب ڈکی نے اپنے یوٹیوب پر یہ بھی الزام لگایا کہ شام اور فروگی ان کے گھر والوں کو دھمکا رہے ہیں۔

ڈکی نے اپنی ویڈیو میں بتایا کہ شام جب سے پاکستان کے دورے پر آئے ہیں، وہ ان سے ملاقات کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور ملاقات کرنے سے انکار پر انہوں نے ڈکی اور اس کے والدین کو دھمکیاں دی۔

اس واقعے کے بعد پاکستان کے متعدد یوٹیوبرز ڈکی بھائی کی حمایت میں سامنے آگئے جن میں زید علی، مورو (تیمور)، شاہ ویر جعفری وغیرہ شامل ہیں۔

مزاحیہ ویڈیوز بنانے والے پاکستانی نژاد کینیڈین یوٹیوب اسٹار زید علی نے بھی ڈکی کی حمایت میں کئی ویڈیوز جاری کیں، جبکہ انہوں نے حال ہی میں ایک ویڈیو ریلیز کی، جس میں کئی یوٹیوبرز نے ان کا ساتھ دیا اور اپنی غلطیوں پر معافی مانگی۔

زید علی کے مطابق ان کا یہ ویڈیو بنانے کا اصل مقصد یہ تھا کہ دنیا کے سامنے پاکستانیوں کے حوالے سے منفی پیغام نہ جائے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ان تمام یوٹیوبرز کے درمیان جھگڑے کا آغاز سب سے زیادہ سبسکرائبرز حاصل کرنے کی وجہ سے ہوا۔

اس وقت زید علی کے یوٹیوب کو 16 لاکھ افراد سبسکرائب کرچکے ہیں، شام ادریس کے سبسکرائبرز کی تعداد 17 لاکھ ہے جبکہ ڈکی بھائی کے یوٹیوب پیج پر 11 لاکھ سبسکرائبرز موجود ہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

chacha May 07, 2019 04:19am
Shame for few coins/rupees/$ you would stoop to a level where you would hit a girl

کارٹون

کارٹون : 8 جولائی 2024
کارٹون : 7 جولائی 2024