• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

رواں ہفتے میں پولیو کے تیسرے کیس کی تصدیق، تعداد 11 تک پہنچ گئی

شائع May 5, 2019
ملک میں 2019 میں اب تک 11 پولیو کے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں — فائل فوٹو/اے ایف پی
ملک میں 2019 میں اب تک 11 پولیو کے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں — فائل فوٹو/اے ایف پی

اسلام آباد: ملک میں رواں ہفتے میں پولیو کا تیسرا کیس سامنے آگیا جس کے بعد 2019 میں تک ملک بھر سے 11 پولیو کے کیسز ریکارڈ ہوچکے ہیں۔

ملک میں انسداد پولیو مہم کے حوالے سے جس قدر کام تیزی سے جاری ہے وہیں بین الاقوامی صحت کے ادارے اس کے تدارک کے لیے کی جانے والی کوششوں کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔

حال ہی میں سامنے آنے والا پولیو کا کیس خیبرپختونخوا کے علاقے بنوں میں رپورٹ ہوا، جہاں 12 ماہ کی لڑکی میں پولیو وائرس کی تصدیق کی گئی۔

مزید پڑھیں: ملک میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 10 ہوگئی

اس سے قبل رواں ہفتے میں پولیو کے 2 کیسز سامنے آئے تھے اور یہ دونوں کیسز ہی لاہور میں رپورٹ ہوئے تھے۔

نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ میں پولیو کی تشخیص کے لیے قائم لیبارٹری کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ حالیہ پولیو کا کیس بنوں کے علاقے شیخ فرید بابا کی رہائشی بچی میں سامنے آیا۔

عہدیدار نے بتایا کہ متاثرہ بچے کے والدیں کا کہنا تھا کہ 'ان کا بچہ 2 روز سے بخار میں مبتلا تھا، جب اسے مقامی ہیلتھ سینٹر منتقل کیا گیا تو اسے دائیں جانب ٹانگ میں 19 اپریل کو ایک انجیکشن لگایا گیا اور اسی روز سے بچے کی مذکورہ ٹانگ کمزور ہونے لگی'۔

انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں بچے کو 22 اپریل کو دوبارہ معالج کے پاس لایا گیا جنہوں نے اسے مبینہ طور پر پولیو کا کیس بتایا، یہ بات بھی یہاں قابل ذکر ہے کہ حالیہ پولیو مہم کے دوران بچے کو ایک مرتبہ بھی انسداد پولیس ویکسین فراہم نہیں کی گئی'۔

وزیراعظم کے ترجمان برائے پولیو بابر بن عطا کا کہنا تھا کہ انہیں بچے میں پولیو وائرس کے حوالے سے رپورٹس موصول ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں رواں برس کے 9ویں پولیو کیس کی تصدیق

خیال رہے کہ پاکستان دنیا کے ان 2 ممالک میں سے ایک ہے جہاں اب بھی پولیو کے کیسز رپورٹ ہورہے ہیں، دوسرا ملک افغانستان ہے۔

رواں سال میں اب تک ملک کے مختلف علاقوں سے پولیو کے 11 کیسز ریکارڈ ہوچکے ہیں، جن میں سے لاہور اور بنوں سے 3، 3 جبکہ کراچی، ہنگو، وزیرستان، باجوڑ اور خیبر سے ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔


یہ رپورٹ 5 مئی 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024