ای سی سی نے پیٹرول 9 روپے 35 پیسے مہنگا کرنے کی منظوری دیدی
اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی۔
مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پیٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں پیٹرول 9 روپے 35 پیسے فی لیٹر مہنگا کرتے ہوئے نئی قیمت 108 روپے 42 پیسے مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔
ای سی سی نے ہائی اسپیڈ ڈیزل 4 روپے 89 پیسے فی لیٹر، لائٹ ڈیزل آئل 6 روپے 40 پیسے فی لیٹر اور مٹی کا تیل 7 روپے 46 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی منظوری بھی دی۔
قیمتوں کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی جس کا اجلاس منگل کو طلب کیا گیا ہے، جبکہ کابینہ کے پاس 'ای سی سی' کے فیصلوں میں رد و بدل یا مسترد کرنے کا اختیار ہے۔
واضح رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 14 روپے 38 پیسے اضافے کی سفارش کی تھی اور یکم مئی سے نرخوں میں اضافے کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو بھیجی تھی۔
وزیر اعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا معاملہ ای سی سی کو بھیجا تھا۔