• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

تھائی لینڈ کے بادشاہ نے اپنی خاتون محافظ سے شادی کرلی

شائع May 2, 2019
شادی کے بعد بادشاہ اور ملکہ کو تقریبات کا جائزہ لیتے ہوئے بھی دیکھا گیا—فوٹو: اے پی
شادی کے بعد بادشاہ اور ملکہ کو تقریبات کا جائزہ لیتے ہوئے بھی دیکھا گیا—فوٹو: اے پی

دنیا بھر میں سیاحت کے لیے معروف متعدد جزائر پر مبنی ملک تھائی لینڈ کے 66 سالہ بادشاہ ماہا وجیرالونگ کورن نے اپنی ہی خاتون سیکیورٹی گارڈ سے اچانک شادی کرکے سب کو حیران کردیا۔

بادشاہ ماہا وجیرالونگ کورن نے خود سے کم سے کم 26 سال کم عمر سیکیورٹی گارڈ سے ایک ایسے موقع پر شادی کی ہے جب کہ ان کی تخت پوشی کی تقریبات کا آغاز ہونے والا تھا۔

ماہا وجیرالونگ کورن کو تھائی لینڈ کا بادشاہ بنے اگرچہ 2 سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے، تاہم اب ان کی باضابطہ تخت پوشی کی تقریبات منعقد ہوں گی۔

تھائی لینڈ کے بادشاہ کی تخت پوشی کی تقریبات 4 سے 6 مئی کے درمیان ہوں گی اور وہ باضابطہ طور پر تخت سنبھالیں گے۔

بادشاہ نے چوتھی شادی تخت پوشی کی رسومات شروع ہونے سے قبل کی—فوٹو: اے ایف پی
بادشاہ نے چوتھی شادی تخت پوشی کی رسومات شروع ہونے سے قبل کی—فوٹو: اے ایف پی

تھائی لینڈ کی شاہی روایات کے مطابق بادشاہ کے وفات پاجانے کے بعد نئے بادشاہ بننے والے شخص سوگ کی وجہ سے کم سے کم 2 سال تک تخت پوشی کی تقریبات منعقد نہیں کرے گا۔

ماہا وجیرالونگ نے دسمبر 2016 میں اپنے والد اور تھائی لینڈ کے سابق بادشاہ بھومبول ایڈیلڈ کی وفات کے بعد تخت سنبھالا تھا اور سوگ کی وجہ سے انہوں نے تخت پوشی کی تقریب منعقد نہیں کی تھی۔

تاہم اب تخت پوشی کی تقریبات شروع ہونے سے قبل ہی انہوں نے اپنی سیکیورٹی گارڈ سے شادی کرکے عوام کو حیران کردیا۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ نے اپنی رپورٹ میں تھائی لینڈ کے شاہی محل کی جانب سے جاری کردہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ماہا وجیرالونگ کورن نے اپنی سیکیورٹی گارڈ سوتھدا ایودھیا سے شادی کرکے انہیں ملکہ کا اعزاز دے دیا۔

بادشاہ نے شاہی روایات کے مطابق شادی کی—فوٹو: رائٹرز
بادشاہ نے شاہی روایات کے مطابق شادی کی—فوٹو: رائٹرز

شاہی محل کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بادشاہ ماہا وجیرالونگ کورن نے شادی کے بعد سوتھدا ایودھیا کو ملکہ کا اعزاز دے دیا ہے اور ان کی ذمہ داریوں کا اعلان بعد میں کیا جائےگا۔

رپورٹ میں مقامی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بادشاہ نے اپنی سیکیورٹی گارڈ سے شاہی محل میں ایک تقریب کے دوران شادی کی جس میں شاہی محل کے کئی اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔

شادی روایتی شاہی رسومات کے تحت کی گئی، جس دوران بادشاہ نے ملکہ کے سر پر مقدس پانی ڈالنے سمیت ان کی پیشانی پر مقدس نشان بھی بنایا۔

بعد ازاں انہوں نے ملکہ سے شادی کی قانونی اور کاغذی کارروائی بھی مکمل کی، جس کے بعد انہوں نے ملکہ کو اپنے ساتھ بٹھاکر انہیں شاہی اعزازات سے نوازا۔

بادشاہ نے سیکیورٹی کو دلہن بنانے کے بعد ان کی پیشانی پر مقدس نشان بھی بنایا—فوٹو: رائٹرز
بادشاہ نے سیکیورٹی کو دلہن بنانے کے بعد ان کی پیشانی پر مقدس نشان بھی بنایا—فوٹو: رائٹرز

شاہی محل کی جانب سے بادشاہ کی شادی کی تفصیلات بتائے جانے کے بعد تھائی لینڈ کے تمام اخبارات و ٹی وی چینلز پر ان کی شادی کے چرچے رہے اور عوام نے خوشی کا اظہار کیا۔

شادی کرنے کے بعد بادشاہ اور ملکہ کو تخت پوشی کی کی جانے والی تقریبات کی تیاری کو دیکھتے ہوئے بھی دیکھا گیا اور اس دوران ملکہ نے روایتی ہلکے گلابی رنگ کے کپڑے پہن رکھے تھے۔

بادشاہ کی ذاتی زندگی

ماہا وجیرالونگ نے والد کی وفات کے بعد بادشاہت سنبھالی—فوٹو: اے ایف پی
ماہا وجیرالونگ نے والد کی وفات کے بعد بادشاہت سنبھالی—فوٹو: اے ایف پی

تھائی لینڈ کے بادشاہ کی یہ چوتھی شادی ہے، اس سے قبل وہ تین شادیاں کر چکے ہیں اور ان کے 7 بچے بھی ہیں۔

تھائی لینڈ کے بادشاہ نے پہلی شادی اپنے خاندان کی خاتون سے 1977 میں کی جو کئی سال تک جاری رہی اور جوڑے کے ہاں 1978 میں پہلی بچی کی پیدائش بھی ہوئی۔

بادشاہ کی پہلی شادی 2 دہائیوں بعد 1999 میں طلاق پر ختم ہوئی، جس کے بعد بادشاہ نے ایک اداکارہ سے شادی کی۔

ماہا وجیرالونگ کورن نے دوسری شادی پہلی شادی ختم ہونے سے قبل ہی 1995 میں کرلی تھی اور انہیں دوسری اہلیہ سے 5 بچے ہیں اور ان کی شادی محض 2 سال تک ہی چل سکی۔

ملکہ کو شاہی اعلان کے بعد ہی روایتی ہلکے گلابی لباس میں بادشاہ کے ساتھ دیکھا گیا—فوٹو: اے پی
ملکہ کو شاہی اعلان کے بعد ہی روایتی ہلکے گلابی لباس میں بادشاہ کے ساتھ دیکھا گیا—فوٹو: اے پی

تھائی لینڈ کے بادشاہ نے تیسری شادی 2010 میں کی اور انہیں تیسری اہلیہ سے بھی ایک بچہ ہے، تاہم ان کی تیسری شادی بھی 2014 میں طلاق پر ختم ہوئی۔

ماہا وجیرالونگ کورن کی تینوں شادیاں بادشاہ بننے سے قبل ہوئی تھیں۔

ماہا وجیرالونگ کورن کی بطور ولی عہد نہ صرف شادیاں ناکام رہیں بلکہ ان کے دیگر خواتین کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے بھی اطلاعات سامنے آتی رہیں۔

اطلاعات ہیں کہ انہوں نے یکم مئی کو جس سیکیورٹی گارڈ خاتون سے شادی کی، انہوں نے اسے اپنے سیکیورٹی عملے میں بادشاہ بننے سے قبل ہی شامل کرلیا تھا۔

بادشاہ کا دل چرانے والی سیکیورٹی گارڈ کون ہے؟

ابتدائی طور پر سوتھدا بادشاہ کے سیکورٹی عملے میں اہلکار کے طور پر شامل ہوئی تھیں—فائل فوٹو: آر ٹی ای
ابتدائی طور پر سوتھدا بادشاہ کے سیکورٹی عملے میں اہلکار کے طور پر شامل ہوئی تھیں—فائل فوٹو: آر ٹی ای

39 سالہ سوتھدا ایودھیا نے بینکاک کی نجی یونیورسٹی سے گریجوئیشن کرنے کے بعد بطور ایئرہوسٹس کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

تھائی لینڈ میڈیا کے مطابق 1978 میں پیدا ہونے والی سوتھدا نے آرٹس کمیونی کیشن میں گریجوئیشن کرنے کے بعد تھائی ایئر ویز میں بطور ایئرہوسٹس کیریئر کا آغاز کیا۔

اطلاعات کے مطابق بادشاہ نے سوتھدا کو اپنے سیکیورٹی عملے میں 2012 اور 2014 کے درمیان شامل کیا اور اس وقت وہ ولی عہد تھے۔

بعد ازاں والد کی وفات کے فوری بعد بادشاہ بننے کے بعد انہوں نے سوتھدا کو شاہی رائل آرمی میں بطور میجر ترقی دی۔

رسومات کے بعد بادشاہ اور ملکہ نے شادی کے کاغذات پر بھی دستخط کیے—فوٹو: رائٹرز
رسومات کے بعد بادشاہ اور ملکہ نے شادی کے کاغذات پر بھی دستخط کیے—فوٹو: رائٹرز

رپورٹس کے مطابق شاہی رائل آرمی میں میجر جنرل بننے کے بعد 2017 میں سوتھدا کو بادشاہ کی سیکیورٹی دیکھنے والی کمیٹی کی ڈپٹی کمانڈر بنایا گیا۔

بادشاہ کی سیکیورٹی دیکھنے والی کمیٹی کے کمانڈر خود بادشاہ ہوتے ہیں اور بادشاہ نے سوتھدا کو ہی اپنا ڈپٹی کمانڈر مقرر کیا۔

ڈپٹی کمانڈر مقرر کیے جانے کے بعد بادشاہ اور سوتھدا کو تقریبات میں قریب قریب دیکھا گیا اور ان کے تعلقات کے حوالے سے پہلی بار دبے الفاظوں میں چہ مگوئیاں ہونے لگیں۔

شاہی محل نے یکم مئی کو جاری کردہ بیان میں پہلی بار بادشاہ اور سوتھدا کے تعلقات کو تسلیم کیا گیا۔

بیان میں بتایا گیا کہ بادشاہ نے سوتھدا سے شادی کرنے کے بعد انہیں ملکہ کے اعزاز سے نوازا ہے اور جلد ہی ان کی مصروفیات اور ذمہ داریوں سے متعلق تفصیلات جاری کی جائیں گی۔

بادشاہ کی جانب سے سیکیورٹی گارڈ سے شادی کرنے کے فیصلے نے عوام کو حیران کردیا—فوٹو: اے ایف پی
بادشاہ کی جانب سے سیکیورٹی گارڈ سے شادی کرنے کے فیصلے نے عوام کو حیران کردیا—فوٹو: اے ایف پی

تبصرے (1) بند ہیں

Khalid Khan May 03, 2019 01:42am
She is beautiful.

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024