• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

شہباز شریف کی جگہ رانا تنویر چیئرمین پی اے سی نامزد

شائع May 2, 2019
ترجمان کے مطابق محمد شہباز شریف شروع سے ہی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بننے کے خواہاں نہیں تھے ۔۔فائل فوٹو ڈان نیوز
ترجمان کے مطابق محمد شہباز شریف شروع سے ہی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بننے کے خواہاں نہیں تھے ۔۔فائل فوٹو ڈان نیوز

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی نے پبلک اکاونٹس کمیٹی کا چیئرمین اور پارلیمانی لیڈر تبدیل کرنے کی منظوری دے دی۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) نے ایک جاری بیان میں کہا کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے موجودہ حالات میں پارٹی قائد محمد نواز شریف سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا تھا، جس پر نواز شریف نے رانا تنویر حسین کو پبلک اکاونٹس کمیٹی کا چیئرمین اور خواجہ آصف کو پارلیمانی لیڈر نامزد کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف شروع سے ہی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بننے کے خواہاں نہیں تھے جبکہ انہوں نے متحدہ اپوزیشن اور پارلیمانی ایڈوائزری گروپ کے اصرار پر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کا عہدہ قبول کیا تھا۔

مزید پڑھیں: پی اے سی چیئرمین شپ: شہباز شریف کو ہٹانے کیلئے حکومت قانونی تجاویز کی منتظر

ترجمان کا کہنا تھا کہ اس وقت کے معروضی حالات کی بنا پہ تمام اپوزیشن جماعتوں اور پارلیمانی ایڈوئزری گروپ کا اصرار تھا کہ قائد حزب اختلاف کو ہی پبلک اکاونٹس کمیٹی کا سربراہ ہونا چاہیے۔

بعد ازاں آج (بروز جمعرات) پارلیمنٹ ہاؤس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں سابق وزیراعظم اور پارٹی کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے خواجہ آصف کو پارلیمانی لیڈر نامزد کیا، جس کی منظوری پارلیمانی پارٹی نے دے دی۔

اس حوالے سے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف کو پارلیمانی لیڈر شہباز شریف کی خواہش بنایا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف متحرک اور سینئر پارلیمینٹیرین ہیں۔

علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی نے رانا تنویر کو چیئرمین پی اے سی مقرر کرنے کی منظوری بھی دی، اس سے قبل اپوزیشن لیڈر شہباز شریف پی اے سی کے چیئرمین تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ اسپیکر کو چیئرمین پی اے سی کی تبدیل حوالے سے لکھا جائے گا، جس کے بعد اسپیکر آفس نئے چیئرمین کا تقرر اور نوٹیفیکشن جاری کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: این اے 73 سیالکوٹ: خواجہ آصف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم

ادھر ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے لندن میں قیام میں توسیع کردی ہے اور وہ اب 7 مئی کو پاکستان واپس نہیں آئیں گے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے اپنے معالج کے مشورہ پر لندن میں قیام میں توسیع کا فیصلہ کیا کیونکہ اپوزیشن لیڈر کا 8 اور 12 مئی کو لندن میں دوسرا طبعی معائنہ ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024