پاکستان سمیت دنیا بھر میں یومِ مزدور ، صدر و وزیراعظم کا اظہار یکجہتی
پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج (یکم مئی) محنت کشوں کی عظمت کے اعتراف اور ان سے یکجہتی کے اظہار کے لیے یوم مزدور منایا جارہا ہے۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں آج کے دن کا موضوع ’سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے کارکنوں کو متحد کرنا‘ ہے۔
حکومت پاکستان کے اعلان کے بعد ملک بھر کے تمام کاروباری مراکز، دفاتر اور تعلیمی اداروں میں عام تعطیل ہے۔
ملک بھر میں محنت کشوں کی تنظیموں کی جانب سے یوم مزدور کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی پروگرامز کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی: زیر تعمیر کثیر منزلہ عمارت سے گرکر 5 مزدور جاں بحق
خیال رہے کہ پاکستان کی پہلی لیبر پالیسی 1972 میں تشکیل دی گئی تھی جس میں یکم مئی کو سرکاری تعطیل قرار دیا گیا تھا۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی یوم مزدور پر اپنے پیغامات میں مزدوروں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔
دونوں حکمرانوں نے محنت کشوں کے حقوق کو تحفظ دینے سے متعلق حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔
مزدوروں کی صورتحال بہتر کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے، صدر مملکت
یوم مزدور کے موقع پر صدر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت محنت کشوں کی سماجی و اقتصادی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ یوم مزدور ہمیں نہ صرف مزدوروں کی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے بلکہ قومی ترقی کے لیے ان کی خدمات ہمارے لیے قابل قدر و قابل تعریف ہیں۔
ترقی و خوشحالی کے سفر میں مزدور ہمارے شراکت دار ہیں، وزیراعظم
مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن دنیا بھر کے تمام ممالک کی ترقی میں محنت کشوں کی قابل قدر خدمات کے اعتراف کا ایک موقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کو تحفظ اور انہیں ترقی کے مواقع فراہم نہ کرنے تک جامع اقتصادی ترقی کے ثمرات حاصل نہیں کیے جاسکتے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ترقی و خوشحالی کے سفر میں مزدور ہمارے شراکت دار ہیں۔
عمران خان نے اپنے پیغام میں محنت کشوں کو مبارکباد دی اور انہیں نیا پاکستان کے حصول میں حکومت کا شراکت دار بنانے کی پیشکش کی۔
جلد مزدور طبقے کا معیار بہتر ہوجائے گا، چیئرمین سینیٹ
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے یوم مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یکم مئی مزدوروں کے ساتھ یکجہتی کا دن ہے۔
انہوں نے ریاست میں ہر سطح پر محنت کشوں کے حقوق کی ادائیگی یقینی بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان میں جلد مزدور طبقے کا معیار بہتر ہوجائے گا، جس کے لیے حکومت اقدامات بھی اٹھارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: فیکٹری میں بوائلر کے دھماکے سے 6 مزدور جاں بحق
چیئرمین سینیٹ نے تجویز پیش کی کہ محنت کشوں کے کم سے کم معاوضے میں اضافہ کرکے ان کے معیار کو بہتر کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ قومی ترقی کی عظیم جدوجہد میں محنت کشوں کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان آج مزدوروں کے لیے احساس پروگرام کا افتتاح بھی کریں گے۔
خیال رہے کہ امریکا کے شہر شکاگو سے مزدوروں کے حقوق کے لیے جنم لینے والی تحریک پوری دنیا میں جاری ہے لیکن پاکستان میں مزدور اپنے اس عالمی دن کے حوالے سے بے خبر ہیں۔