• KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مؤخر

شائع April 30, 2019
اوگرا نے مئی کے لیے تمام پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 فیصد تک اضافے کی تجویز دی تھی — فائل فوٹو/ رائٹرز
اوگرا نے مئی کے لیے تمام پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 فیصد تک اضافے کی تجویز دی تھی — فائل فوٹو/ رائٹرز

اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ حکومت نے فی الحال پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ مؤخر کردیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری پر متعلقہ ادارے کو نظر ثانی کرنے کا کہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرول کی قیمت 14 روپے بڑھانے کی سفارش

گذشتہ روز آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے آئندہ ماہ مئی کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 14 روپے 38 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) میں 4 روپے 89 پیسے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی تھی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ فراہمی میں کمی کی افواہوں کے باعث خام تیل کی بین الاقوامی قیمتوں میں اضافے کو دیکھتے ہوئے اوگرا نے تمام پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 فیصد تک اضافے کی تجویز دی تھی۔

پیٹرول اور ایچ ایس ڈی کے ساتھ ساتھ اوگرا نے مٹی کے تیل کی قیمت میں 7 روپے 45 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل (ایل ڈی او) میں 6 روپے 41 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں تیسری مرتبہ اضافہ کردیا

واضح رہے کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل عام طور پر بڑی گاڑیوں اور مشینری کے لیے استعمال ہوتا ہے جبکہ لائٹ ڈیزل آئل پرانے انجن کے ماڈلز والی گاڑیوں اور چھوٹی صنعتوں، جو زیادہ تر دیہی علاقوں میں ہوتی ہیں، وہاں استعمال کیا جاتا ہے۔

اوگرا کی جانب سے وزارت توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری ارسال کی گئی تھی لیکن ڈویژن میں موجود ذرائع کا کہنا تھا کہ رمضان سے قبل قیمتوں میں زیادہ اضافے کو روکنے کے لیے حکومت ڈیزل پر جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) کو 17 فیصد سے کم اور دیگر مصنوعات پر پیٹرولیم لیوی (پی ایل) کی ایڈجسمنٹ کرسکتی ہے۔

خیال رہے کہ اوگرا کی جانب سے پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی 10 روپے فی لیٹر، ایچ ایس ڈی کے لیے 8 روپے، مٹی کے تیل کے لیے 6 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کے لیے 3 روپے فی لیٹر کی تجویز دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

تاہم اگر اوگرا کی جانب سے بھیجی گئی سمری حکومت کی جانب سے منظور کی جاتی ہے تو مئی کے لیے پیٹرول کی قیمت 98 روپے 88 پیسے سے بڑھ کر 113 روپے 26 پیسے تک پہنچ جائے گی۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 117 روپے 43 پیسے فی لیٹر سے بڑھ کر 122 روپے 32 پیسے تک پہنچ جائے گی جبکہ ایل ڈی او کی قیمت 80 روپے 54 پیسے سے بڑھ کر 86 روپے 94 پیسے فی لیٹر اور مٹی کا تیل 96 روپے 76 پیسے فی لیٹر ہوجائے گا۔

اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے آج (30 اپریل) تک حتمی فیصلہ لیا جائے گا، جس کے بعد نئی قیمتوں کا اطلاق ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024